ریاست مدینہ آئین کو نافذ کرنے سے وجود میں آئے گی: ڈاکٹر حسین محی الدین

میثاق مدینہ کے نفاذ سے ریاست مدینہ وجود میں آئی، صدر منہاج القرآن
آئین پاکستان میں انسانی فلاح و بہبود کے آرٹیکلز موجود ہیں مگر عمل نہیں ہوا

لاہور (21 دسمبر 2018) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا ہے کہ آئین کے پہلے 40 آرٹیکلز پر عملدرآمد سے ریاست مدینہ کی تشکیل کے خواب کو تعبیر مل سکتی ہے۔ آئین اور جماعتوں کے منشور میں فلاح و بہبود کے تمام دعوے موجود ہیں مگر عمل اور نفاذ کا خانہ ہمیشہ خالی رہا ہے۔ ویلفیئر سٹیٹ خوش کن نعروں سے نہیں آئین کو نافذ کرنے سے قائم ہو گی۔ وہ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد منہاج القرآن کے مرکزی عہدیداروں اور وفود سے بات چیت کررہے تھے۔

ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ میثاق مدینہ کی شقوں پر عملدرآمد سے ریاست مدینہ وجود میں آئی، انہوں نے کہا کہ جان و مال کے تحفظ، تعلیم، صحت، انصاف کی فراہمی، استحصال کے خاتمے، غلامی، بیگار کی ممانعت، مذہبی آزادیوں، شہریوں سے مساوات، خواتین، مزدوروں، بچوں، کمزوروں کی سرپرستی اور دادرسی سمیت ہر چیز آئین پاکستان میں موجود ہے مگر ان آرٹیکلز پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔

ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ اسلام انسانیت کی بقاء، فلاح و بہبود اور ارتقا کے زریں اصولوں کا امین ہے، حق کی پاسداری، انسانی معاشرے میں باہمی حقوق کا احترام اور اعلیٰ اقدار کا قیام و فروغ اسلامی تعلیمات کی بنیادی روح ہے، انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ بنیادی طور پر حقوق و فرائض اور انسانیت کے احترام، وقار اور مساوات پر مبنی تھی، ریاست مدینہ میں بلاتفریق رنگ و نسل سب کو جان و مال کا تحفظ حاصل تھا۔

انہوں نے کہا کہ قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمدطاہرالقادری جب نظام کی تبدیلی کی بات کرتے ہیں تو ان کا مقصود ایسا نظام ہوتا ہے جس میں آئین و قانون بالادست ہوں اور کوئی طاقتور شخص انہیں اپنے خاندان یا ذات کے مفادات کیلئے استعمال نہ کر سکے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top