منہاج القرآن رسول پور کے زیراہتمام سالانہ میلاد کانفرنس، علامہ محمد لطیف مدنی کا خطاب

تحریک منہاج القرآن رسول پور ضلع قصور کے زیراہتمام پانچویں سالانہ میلاد کانفرنس 16 دسمبر 2018ء کو جامع مسجد کھجور والی پولیکے میں منعقد ہوئی۔ یہ پروگرام محمد سلیم منہاجین کے والد گرامی کی سالانہ برسی کے سلسلہ میں منعقد ہوا، جس میں تحریک منہاج القرآن کے مرکزی ناظم دعوت علامہ محمد لطیف مدنی مہمان خصوصی تھے۔ پروگرام کی صدارت علامہ محمد رمضان نقشبندی نے کی جبکہ آستانہ عالیہ بابا ولی سرکار کے سجادہ نشین حضرت بابا ظفر اقبال قادری نوشاہی نے بھی کانفرنس میں خصوصی شرکت کی۔

حاجی محمد رمضان نقشبندی نے شان مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موضوع پر خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ محبت مصطفیٰ ہی اصل ایمان اور ہمارے عقیدہ کی بنیاد ہے۔

علامہ محمد لطیف مدنی نے ’’مثلیت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم‘‘ کے موضوع پر خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ کائنات میں کوئی چیز مصطفیٰ کریم کی مثل نہیں۔ اللہ تعالیٰ نے محبوب مصطفیٰ کو ایسا بنایا کہ کائنات ہست و بو میں کوئی آپ جیسا نہیں۔ اگر دنیا میں کسی نے شان الہی کا پرتو دیکھنا ہے تو وہ مصطفیٰ کریم کی ذات گرامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے دنیا میں محبت و عقیدت مصطفیٰ کا درس عام کیا ہے۔ عشق رسول کے فروغ میں ڈاکٹر طاہرالقادری کا نام دنیا کے لیے مشعل راہ ہے۔

اس سے پہلے کانفرنس کا آغاز قاری جابر علی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد محمد صائم نے ثناء خوانی کی۔ میزبان محمد سلیم نے استقبالیہ پیش کیا، محمد اویس نے مختصر اظہار خیال کیا۔ پروگرام کی نقابت کے فرائض شیخ محمد نواز شریف اور محمد رضوان نقشبندی نے انجام دیئے۔ پروگرام کے آخر میں سلام پڑھا گیا جبکہ علامہ محمد رمضان نقشبندی کی دعائے خیر سے پروگرام کا باقاعدہ اختتام ہوا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top