جہاں قانون کی بالادستی نہیں ہوتی وہاں ماڈل ٹاؤن جیسے سانحات ہوتے ہیں: ڈاکٹر حسین محی الدین

انسانی قتل کو شرک کی طرح ظلم عظیم قرار دیا گیاہے: ڈاکٹر حسین محی الدین
عوام کے جان و مال کا تحفظ اور مثالی لاء اینڈ آرڈر کا قیام حکومت کی اولین ذمہ داری ہے
ریاست مدینہ میں ہر طبقہ کے افراد کو جان و مال کا تحفظ حاصل تھا:صدر منہاج القرآن

لاہور (28 دسمبر 2018) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا ہے کہ جہاں قانون کی بالادستی نہیں ہوتی وہاں ماڈل ٹاؤن جیسے سانحات ہوتے ہیں، عوام کے جان و مال کا تحفظ اور مثالی لاء اینڈ آرڈر کا قیام حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، اللہ نے انسانی قتل کو شرک کی طرح ظلم عظیم قرار دیا ہے، سنگین جرائم کی شرح میں اضافہ اسی طرح ہوتا رہا تو ریاست مدینہ کے قیام کی طرف پیشرفت نہیں ہو سکے گی، حکومت عوام کے جان و مال و عزت کے تحفظ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے، وہ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد منہاج القرآن کے کارکنان اور مختلف طبقہ ہائے زندگی کے افراد سے گفتگو کررہے تھے۔

ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ ریاست مدینہ میں ہر طبقہ کے افراد کو جان و مال کے تحفظ کی گارنٹی حاصل تھی، تمام شہریوں کے سیاسی حقوق یکساں تھے اور جرم کرنے والا سزا سے نہیں بچ سکتا تھا، انہوں نے کہا کہ جب انسانی جان کو تحفظ اور حرمت ملے گی تو سوسائٹی میں حرص و ہوس کا خاتمہ اور سوسائٹی میں امن آئے گا، اللہ نے ظالم شخص کے ساتھ کسی قسم کی ہمدردی نہ کرنے کا حکم دیا ہے، اسلام کے نام پر حاصل کیے جانے والے ملک پاکستان میں ظالم کو ہر قسم کی چھوٹ دی گئی اور سوسائٹی اور اجتماعی نظم تہس نہس کر دیا گیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سنگین جرائم کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے اور مجرموں کو سزا دینے کی شرح افسوسناک حد تک کم ہے، ایف آئی آر کے اندراج سے لے کر پراسیکیوشن اور فیصلہ سازی تک انقلابی اصلاحات اور قانون سازی کی ضرورت ہے، آئین پاکستان میں بھی انسانی جان کے تحفظ اور حرمت کے آرٹیکل موجود ہیں مگر عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے ہم پاکستان کو ایک مثالی پرامن معاشرہ بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکے، انہوں نے کہا کہ جہاں قانون کی بالادستی نہیں ہوتی وہاں ماڈل ٹاؤن جیسے سانحات ہوتے ہیں اور غریب شہری ناحق قتل کر دئیے جاتے ہیں، انہوں نے کہا کہ دین اسلام میں کوئی احتساب سے بالاتر نہیں، حکومت سمیت ریاست کے تمام اداروں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ قانون کی حکمرانی اور انسانی جان و مال کے تحفظ کو ہر چیز پر فوقیت دیں تاکہ سوسائٹی میں امن، تحفظ، رواداری کا احساس فروغ پاسکے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top