دو روزہ ورلڈ اسلامک بینکنگ اینڈ فنانس کانفرنس اختتام پذیر، 8 نکاتی ڈیکلریشن کی منظوری

ڈاکٹر حسین محی الدین کی طرف سے منہاج حلال بیورو سرٹیفیکیشن پروگرام کے اجراء کا اعلان
کانفرنس کے شرکاء پر مشتمل بین الاقوامی فورم تشکیل دینے پر اتفاق، ’’اسلامی اخلاقیات تجارت‘‘ کتاب کی تقریب رونمائی
کانفرنس میں امریکہ، آسٹریلیا، سعودی عرب، برطانیہ، نیدر لینڈز، ملائشیاء اور ازبکستان کے سکالرز نے شرکت کی

لاہور (6 جنوری 2019) منہاج یونیورسٹی لاہور کے زیراہتمام منعقدہ دوسری سالانہ ورلڈ اسلامک بینکنگ اینڈ فنانس کانفرنس کے اختتامی سیشن میں ڈپٹی چیئرمین ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے ڈیکلریشن پیش کیا اور کانفرنس میں شریک مختلف ملکوں کے سکالرز پر مشتمل بین الاقوامی فورم میں تبدیل کرنے کی تجویز دی جس کی شرکائے کانفرنس نے اتفاق رائے سے منظور ی دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ فورم جو اکیڈمک سطح پر مختلف شعبہ جات میں خدمات انجام دینے والے بین الاقوامی سکالرز، ماہرین پر مشتمل ہو گا اور اسلامک بینکنگ اور سیاسی سماجی مسائل کے حل کیلئے اپنا نظریاتی، فکری، علمی کردار ادا کرے گا اور اس بات کو ممکن بنایا جائے گا کہ او آئی سی کے ممبر ممالک باہمی معاشی سرگرمیوں کو بڑھائیں اور اپنی اپنی ترقی کو ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی کے ذریعے ایک دوسرے کی زرعی، صنعتی شعبہ میں مدد کریں۔ کانفرنس میں امریکہ، آسٹریلیا، سعودی عرب، برطانیہ، نیدر لینڈز، ملائشیاء اور ازبکستان کے سکالرز، معاشی ماہرین شریک تھے۔

اختتامی سیشن میں ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی تحریر کردہ کتاب’’ اسلامی اخلاقیات تجارت‘‘ کی تقریب رونمائی ہوئی جسے شرکائے کانفرنس نے بے حد سراہا۔ بین الاقوامی سکالرز کا کہنا تھا کہ کہ زندگی کا کوئی شعبہ ایسا نہیں جسے اخلاقی حدود و قیود سے ماورا تا دیر قائم رکھا جا سکے۔ اسلام زندگی کے دیگر شعبہ جات کی طرح اقتصادی سر گرمیوں میں بھی اخلاقی حدود اور اقدار فراہم کرتا ہے۔ دوسرے اور آخری روز ڈاکٹر حسین محی الدین نے منہاج حلال سرٹیفیکشن بیورو کے قیام کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام میں حلال اور حرام کو واضح کر دیا گیا ہے، اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بیورو کو متعارف کروایا جا رہا ہے، اس کے ساتھ ساتھ فوڈ اینڈ ٹیکنالوجی اور اسلامک بینکنگ ڈیپارٹمنٹس کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے، یہ بیورو حلال سرٹیفیکشن کورس بھی متعارف کروائے گا تا کہ حلال مارکیٹ میں تجربہ کار افرادکو شامل کیا جا سکے، یہ انسانی صحت کے ساتھ ساتھ ایمانیات کا بھی ناگزیر تقاضا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج حلال بیورو پاک اور حفظان صحت کے اصولوں پر پورا اترنے والے اقدامات کو یقینی بنائے گا۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ پہلے سرٹیفیکیشن کورس کے کا میاب طلبہ کو آج ہم سرٹیفیکیٹ بھی دے رہے ہیں۔ انہوں نے کانفرنس میں شرکت کرنے اور منہاج یونیورسٹی لاہور کی دعوت قبول کرنے پر بین الاقوامی سکالرز اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top