اسلام نے تکریم انسانیت کا درس دیا ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

دین اسلام میں ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کے قتل کے مترادف ہے: چیئرمین سپریم کونسل
اسلام امن، محبت، تحمل، برداشت کی تعلیم دیتا ہے، نماز جمعہ کے بعد کارکنوں سے گفتگو

اسلام نے تکریم انسانیت کا درس دیا ہے: ڈاکٹرحسن محی الدین

لاہور (25 جنوری 2019ء) چیئرمین سپریم کونسل تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ اسلام نے تکریم انسانیت اور احترام انسانیت کا درس دیا ہے، اسلام امن، محبت، تحمل، برداشت کی تعلیم دیتا ہے، ایک دوسرے کے عقائدو نظریات کا احترام سکھاتا ہے، اسلام میں انسانی جان کی قدر و قیمت اور حرمت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ دین اسلام میں ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کے قتل کے مترادف ہے، اسلام بلاتفریق رنگ و نسل بے گناہ انسانوں کے قتل کی سختی سے ممانعت کرتا ہے، اسلام احترام انسانیت اور امن کا مذہب ہے، وہ جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں نماز جمعہ کے بعد کارکنوں اور نمازیوں سے گفتگو کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ قرآن حکیم میں ارشاد باری تعالیٰ ہے کہ جس نے کسی شخص کو بے وجہ (ناحق) قتل کیا تو گویا اس نے تمام لوگوں کو قتل کر ڈالا، اللہ کریم کا حکم مرد، عورت، چھوٹے، بڑے، امیر غریب، مسلم، غیر مسلم سب کے لیے ہے، قرآن حکیم نے کسی بھی انسان کو بلاوجہ قتل کرنے کی نہ صرف سخت ممانعت فرمائی ہے بلکہ اسے پوری انسانیت کا قتل ٹھہرایا ہے، انہوں نے کہا کہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے نزدیک مسلمان کے جسم و جان، عزت و آبرو کی اہمیت کعبۃاللہ سے بھی زیادہ ہے، بے گناہوں کی جان لینے والوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، معصوم انسانوں کی جان لینے والوں میں خوف خدا ہوتا تو ان کی وحشت اور بربریت سے لوگ محفوظ رہتے، اسلام جیسے پرامن و عافیت والے دین میں بے گناہوں کی جان لینے اور فساد برپا کرنے کی کوئی گنجائش نہیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top