مغربی دنیا کو بالآخر حجاب کی اہمیت، افادیت کا معترف ہونا پڑے گا

حجاب ڈے کے موقع پر منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام خصوصی اجلاس
اسلام آرائش کی اجازت دیتا ہے نمائش کی نہیں: مرکزی صدر فرح ناز
پردہ عورت کی ترقی میں رکاوٹ نہیں عظمت کی علامت اور تحفظ کی ضمانت ہے
اسلام نے جو اخلاقی معیار مقرر کیے ان پر عمل پیرا ہونے میں ہی انسانیت کی فلاح ہے
حجاب عورت کا حق ہے، کوئی پابندی یا جبر کی علامت نہیں: خواتین رہنما

مغربی دنیا کو بالآخر حجاب کی اہمیت، افادیت کا معترف ہونا پڑے گا

لاہور (یکم فروری 2019ء) تحریک منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے حجاب ڈے کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حجاب عورت کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بلکہ تحفظ اور عظمت کی علامت ہے، اسلام نے سب سے پہلے عورتوں کے تحفظ اور ان کے حقوق کا چارٹر پیش کیا، اسلام دین فطرت ہے، وہ آرائش کی اجازت تو دیتا ہے نمائش کی نہیں۔

اجلاس میں شاکرہ ریاض چودھری، سدرہ کرامت، عائشہ مبشر، شاہدہ مغل، ثناء وحید، کلثوم طفیل و دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔

فرح ناز نے کہا کہ اسلام دین فطرت ہے اور اس کے اصول و ضوابط قیامت تک کے لیے ذریعہ نجات و رہنمائی ہیں، اسلام نے جو اخلاقی معیار مقرر کیے ان پر عمل پیرا ہونے میں ہی انسانیت کی فلاح ہے، اسی طرح حجاب کے استعمال میں خواتین کا تحفظ اور ترقی ہے۔

شاکرہ ریاض چودھری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حجاب میں نہ صرف خواتین کے لیے تحفظ اور بہتری ہے بلکہ ایک اعلیٰ اخلاقی اقدار پر مبنی سوسائٹی کی تشکیل و فروغ کے لیے بھی حجاب کا استعمال مرکزی اہمیت کا حامل ہے، مغربی دنیا کو بالآخر حجاب کی اہمیت، افادیت کا معترف ہونا پڑے گا۔

سدرہ کرامت نے کہا کہ قوموں کا عروج عورت کے اعلیٰ اخلاقی معیار، حیاء اور مرد کی غیرت سے مشروط ہے، حجاب حکم الٰہی ہے جو امت مسلمہ کی تہذیبی علامتوں میں نمایاں حیثیت رکھتا ہے۔

ثناء وحید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حجاب عورت کو آزادی، تحفظ، شناخت، عزت و وقار عطاء کرتا ہے، کوئی بھی عورت حجاب اختیار کر کے حیاء و عظمت کی مضبوط ڈھال اپنے گرد قائم کر لیتی ہے۔

شاہدہ مغل نے کہا کہ انسانی آزادیوں کے اس دور میں اگر کسی کو بزور بندوق حجاب اختیار کرنے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا تو کسی کو حجاب اتارنے کی بھی اجازت نہیں دی جا سکتی، حجاب عورت کا حق ہے، کوئی پابندی یا جبر کی علامت نہیں۔

کلثوم طفیل نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری واحد شخصیت ہیں جنہوں نے احکامات ربانی اور شرعی احکامات کو پسند اور نا پسند سے بالا ہو کر نوجوان نسل کے سامنے شرح و بسط کیساتھ بیان کردیااور کوئی سختی نہیں کی، اسلام کا بنیادی اصول لا اکرہ فی الدین ہے، اسی اصول کے تحت تحریک منہاج القرآن اور شیخ الاسلام پوری دنیا میں اسلام، قرآن اور احادیث نبوی کی تعلیمات کو عام کررہے ہیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top