افواج پاکستان نے دفاع وطن کا حق ادا کر دیا: طلباء و طالبات کی متفقہ قرارداد

دنیا کی بڑی جمہوریت مذاکرات سے خوفزدہ کیوں؟ صوبائی وزیر محسن لغاری
فضائیہ نے دانت کھٹے کیے تو بزدل بھارتی فوج نہتے کشمیریوں پر چڑھ دوڑی: پارلیمانی سیکرٹری احمد شاہ کھگہ
کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے زیراہتمام سالانہ تقریری مقابلہ کی تقریب سے خطاب

لاہور (28 فروری 2019) کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے زیر اہتمام منعقدہ سالانہ تقریری مقابلہ کی تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر آبپاشی محسن لغاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت بھارت مذاکرات سے خوفزدہ کیوں ہے؟پاکستان کی فوج سے منہ کی کھانے کے بعد بزدل بھارتی فوج نہتے کشمیریوں پر چڑھ دوڑی، افواج پاکستان نے دفاع وطن کا قوم سے جو وعدہ کر رکھا ہے اسے ہمیشہ پورا کیا، 27 فروری کے دن محب وطن ایئرفورس نے قوم کا سرفخر سے بلند کردیا۔

تقریب سے پارلیمانی سیکرٹری پنجاب پیر احمد شاہ کھگہ، شیخ الحدیث پروفیسر نواز ظفر، مفتی عبدالقیوم ہزاروی، سلطان خان، میجر (ر) محمد خان، ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، اللہ دتہ نے بھی خطاب کیا، تقریری مقابلہ میں منہاج گرلز کالج، جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن، منہاج کالج فار ویمن، گورنمنٹ کالج بھیرہ شریف، دارالعلوم محمدیہ غوثیہ کے طلباء و طالبات نے حصہ لیا۔

تقریب میں محب اللہ اظہر نے ایک قرارداد کے ذریعے افواج پاکستان کو جرأت مندانہ کردار پر خراج تحسین پیش کیا اور طلباء و طالبات نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دفاع وطن کیلئے پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہے۔

پارلیمانی سیکرٹری پنجاب پیر احمد شاہ کھگہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خوشی ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری آئند ہ نسلوں کو تعلیم بھی دے رہے ہیں اور تربیت بھی، ڈاکٹر طاہرالقادری عظیم کام کررہے ہیں، ہمیں ان پر فخر ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کا حال بھی اطمینان بخش ہے اور مستقبل بھی روشن و مضبوط ہے، جنگ جنگ کی بات کرنے والے اندر سے کھوکھلے ہیں، مودی سرکار اپنے الیکشن کیلئے سب کچھ برباد کرنے پر تلی بیٹھی ہے، اس پر بھارت کی اپوزیشن جماعتوں اور وہاں کے سمجھدار عوام کو زیادہ فکر مند ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طاقت کا اندازہ دوستوں کے ساتھ ساتھ ہمارے دشمنوں کو بھی ہو چکا ہے۔

مقابلے میں حذیفہ شبیر، حافظ محمد حنظلہ، بتول مشتاق، حافظ محمد یاسر، کاشف اقبال، مناہل بخاری کو اول، دوم، سوم پوزیشن حاصل کرنے پر ایوارڈ دیئے گئے، جیوری میں پروفیسر ڈاکٹر محمد مختار عزمی، نور الزمان نوری اور اعجاز احمد شامل تھے، سٹیج سیکرٹری مدثر رسول نوری اور فرحان ناصر تھے، تلاوت قرآن پاک کی سعادت حافظ نعیم نے اور نعت کی سعادت حسین طلعت اور طاہر محمود نے حاصل کی، ملی نغمہ حافظ اعتزاز نے پیش کیا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top