صوبائی وزیر سید سعید الحسن شاہ اور ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی ملاقات

مورخہ: 01 مارچ 2019ء

اسلام دشمنوں کو بھی ناحق قتل کرنے سے روکتا ہے: صوبائی وزیر مذہبی امور
اولیائے اللہ اپنے وقت کے مفسرین، محدثین اور فقہا تھے: ڈاکٹر حسین محی الدین
ملاقات میں خرم نواز گنڈاپور، نوراللہ صدیقی، راجہ زاہد محمود شریک تھے

لاہور (یکم مارچ 2019) صوبائی وزیر مذہبی امور صاحبزادہ سید سعید الحسن شاہ اور منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین کے درمیان ملاقات ہوئی، دونوں رہنماؤں نے ملکی صورتحال، انتہا پسندی و فرقہ واریت کے خاتمے اور اتحاد امت کے حوالے سے گفتگو کی۔ صوبائی وزیر صاحبزادہ سید سعید الحسن شاہ نے کہا کہ اسلام دشمنوں کو بھی ناحق قتل کرنے کی اجازت نہیں دیتا، موجودہ حکومت ریاست مدینہ اور صوفیائے کرام کی تعلیمات سے رہنمائی لے رہی ہے، قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری قرآن و سنت کے امن اور محبت والے پیغام کو دنیا کے کونے کونے تک پہنچارہے ہیں، اس موقع پر خرم نواز گنڈاپور، نوراللہ صدیقی، راجہ زاہد محمود، قاضی فیض الاسلام بھی موجود تھے، صوبائی وزیر نے فروغ امن نصاب مرتب کرنے پر منہاج القرآن کی خدمات کو سراہا۔

ڈاکٹر حسین محی الدین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اولیائے اللہ اپنے مثالی کردار اور انسانیت سے محبت کی وجہ سے اپنے وقت کے مقبول ترین لوگ تھے اور آج بھی ان کا نام عزت و احترام کیساتھ زندہ ہے، لوگ ان کے شفاف سماجی کردار کی وجہ سے ان سے محبت کرتے ہیں، اولیائے اللہ نے انسانیت سے محبت کی اور اسلام کے سچے اور کھرے پیغام کو برصغیر کے کونے کونے تک پہنچایا، انہوں نے کہا کہ اولیائے اللہ اپنے وقت کے جید مفسرین، محدثین اور فقہا تھے اور ان کی زندگیاں تعلیم وتعلم، اصلاح احوال اور خدمت خلق کیلئے وقف تھیں، انہوں نے کہا کہ افسوس آج انہی اولیائے اللہ کے مزارات میں کچھ ایسے عناصر براجمان ہیں جو ان تعلیمات کو پس پشت ڈال کر بدنامی کا باعث بن رہے ہیں، اس رویے کو تبدیل کرنا ہو گا اور بزرگان دین کی حقیقی تعلیمات کو اجاگر کرنے کیلئے جید علمائے کرام اور مشائخ عظام کو اپنا دینی، اصلاحی کردار ادا کرنا ہو گا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top