سیدنا علی کرم اللہ وجھہ الکریم حکمت و ولایت کے شہنشاہ ہیں: علامہ رانا ادریس

مورخہ: 22 مارچ 2019ء

لاہور (22 مارچ 2019) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے کہا ہے کہ اصحاب رسول اخوت و محبت کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے تھے۔ صحابہ کرام براہ راست حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے تربیت یافتہ تھے، ان کی شخصیت و کردار کی تشکیل خود معلم اعظم حضور سرور کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمائی۔ حضرت مولا علی کرم اللہ وجھہ الکریم وہ ہستی ہیں جن کے بارے میں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا ’’اے علی کرم (اللہ وجھہ الکریم) تو مجھ سے اور میں تجھ سے ہوں‘‘۔ حضرت مولا علی کرم اللہ وجہہ الکریم حکمت و ولایت کے شہنشاہ ہیں، ان کے قدموں کی دھول کے صدقے حکمت و بصیرت کی خیرات بنٹتی ہے، حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم حکمت شہر اور حضرت علی کرم اللہ وجھہ الکریم اس کا دروازہ ہیں۔ حضرت مولا علی کرم اللہ وجھہ الکریم سے محبت کرنا حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کرنا ہے، اہل بیت اطہار کا مقام بہت بلند ہے، قرآن حکیم میں جن کیلئے آیات تطہیر اتری ہوں ان سے بہت زیادہ محبت کرنا اہل ایمان کیلئے خوش نصیبی کا باعث ہے۔ وہ جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت علی کرم اللہ وجھہ الکریم اور ان کے گھرانے سے محبت کرنا ایمان ہے، حضرت علی کرم اللہ وجھہ الکریم کی حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کا ہر پہلو کمال پر تھا، ہجرت کی شب اس یقین کیساتھ حضورکے بستر مبارک پر گزارنا کہ میرا کوئی بال بھی بیکا نہیں کر سکتا حضرت مولاعلی کرم اللہ وجھہ الکریم کی حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے والہانہ محبت کی دلیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مادہ پرستی کے اس دور میں سکون صرف اللہ کے مقرب بندوں کی محبت سے ملتا ہے، حضرت علی کرم اللہ وجھہ الکریم سے محبت کا تعلق قائم کرنا حضوراکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کرنا ہے، جن لوگوں کو ان مقدس ہستیوں کی محبت مل جاتی ہے کامرانیاں ان کا مقدر ہو جاتی ہیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top