حکومت مہنگائی کنٹرول کرے، دودھ، دالیں، سبزیاں غریب کی پہنچ سے باہر ہوگئیں : رفیق نجم

حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنا چاہتی ہے توکاغذی کارروائی کی بجائے عملی اقدامات کرنا ہونگے
رمضان المبارک میں لاکھوں روپے کی سبسڈی دی جاتی ہے، چیک اینڈ بیلنس ہونا ضروری ہے
رمضان المبارک کے مقام، عظمت، فضیلت، مقصد اور اس کے پیغام کو اپنے ذہن میں تازہ کریں
رمضان المبارک کو لوڈشیڈنگ فری مہینہ قرار دیا جائے، تحریک منہاج القرآن کا مطالبہ
اشتیاق حنیف مغل، بابر چودھری، مفتی محمد شہباز و دیگر کا ’’آمد رمضان اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ کانفرنس سے خطاب

لاہور (14 اپریل 2019) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن انجینئر محمد رفیق نجم نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آچکا ہے، ناجائز منافع خور سرگرم ہو چکے ہیں، دال، چینی، سبزی، فروٹس سمیت دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں خوفناک اضافے نے کئی سوالات کھڑے کر دئیے ہیں، ناجائز منافع خوروں، ذخیرہ اندوزوں اور ملاوٹ مافیا نے رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ کر کے شہریوں کو پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے، حکومت رمضان المبارک میں لاکھوں روپے کی سبسڈی دیتی ہے، اس کا چیک اینڈ بیلنس ہونا بھی ضروری ہے کہ عوام کو اس سبسڈی کا براہ راست کوئی فائدہ بھی ہورہا ہے یا نہیں، رمضان المبارک میں روز مرہ کے استعمال کی اشیاء پر ٹیکس کی چھوٹ ہونی چاہیے، حکومت اگر مہنگائی کو کنٹرول کرنا چاہتی ہے تو اسے کاغذی کارروائی کی بجائے عملی اقدامات کرنا ہونگے تاکہ غریب عوام بھی پیٹ بھر کر کھانا کھا سکیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام ’’آمد رمضان اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ کے عنوان سے پی پی 164 میں منعقدہ کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کانفرنس میں قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تالیف قرآنی انسائیکلوپیڈیا اور سعودی عرب میں منعقدہ او آئی سی اجلاس میں دہشت گردی کے خاتمے، عالم اسلام کے متفقہ امن بیانیہ کے حوالے سے تاریخی خطاب کو بھی زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔

کانفرنس سے منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید، ناظم لاہور اشتیاق حنیف مغل، بابر چودھری، رمضان ایوبی، مفتی محمد شہباز نے خطاب کیا جبکہ محمد اعظم، بوٹا زرگر، عبدالقیوم فاروقی، ڈاکٹر عبدالشکور، معشوف علی، محمد شاکر سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت۔

رفیق نجم نے کہا کہ قائد منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اسلام اور انسانیت کی خدمت کررہے ہیں، 8 جلدوں پر مشتمل تالیف قرآنی انسائیکلوپیڈیا، دہشتگردی کے خلاف تحقیقی فتویٰ، امن نصاب وقت کی ضرورت اور رہنمائی کا بہترین ذریعہ ہے۔

امیر لاہور حافظ غلام فرید نے کہا کہ رمضان المبارک رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے، رمضان المبارک کے مقام، عظمت، فضیلت، مقصد اور اس کے پیغام کو اپنے ذہن میں تازہ کریں تاکہ اس کی برکات سے بھرپور فائدہ اٹھایا جاسکے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ رمضان المبارک کو لوڈشیڈنگ فری مہینہ قرار دیا جائے تاکہ لوگ بغیر کسی پریشانی کے شدید گرم موسم میں روزے رکھ سکیں، عبادت کر سکیں، ماہ رمضان میں ایک دوسرے سے درگزر کریں، حسن سلوک اور احسان کے معاملات کریں، فقراء، مساکین پر زیادہ سے زیادہ خرچ کریں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top