انصاف سے محروم معاشروں میں امن ہوتا ہے نہ برکت: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

ریاست مدینہ میں کمزوروں کو انصاف اور تحفظ میسر تھا، وفود سے گفتگو
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر نے چیئرمین سپریم کونسل کو قربانی مہم پر بریفنگ دی

Dr Hassan Mohi ud Din Qadri

لاہور (5 جولائی 2019ء) چیئرمین سپریم کونسل تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ جس معاشرے میں انصاف نہیں وہاں امن اور برکت نہیں ہو سکتی، افسوس اسلام کے نام پر حاصل کیے گئے ملک میں غریب اور کمزور کا کوئی پرسان حال نہیں، ریاست مدینہ میں کمزوروں کو انصاف اور تحفظ میسر تھا، آج کمزور کیلئے انصاف ہے نہ تحفظ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد المنہاج ماڈل ٹاؤن میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ دین اسلام انسانیت کی فلاح کا مذہب ہے، اسلام ایک دوسرے کے ساتھ اخوت، محبت، قربانی، ہمدردی اور ایثار کا حکم دیتا ہے، ہر انسان کی زندگی دوسرے انسان کے تعاون کے ساتھ جڑی ہوئی ہے، ایک مثالی معاشرہ وہی ہوتا ہے جس میں تمام انسان ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنا، ضرورت مندوں کی مدد کرنا فرض سمجھیں۔

ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ محسن انسانیت رسول اکرم ﷺ کے طریقہ کار، فرمودات اور طرز حیات پر عمل پیرا ہونے میں ہی کامیابی اور فلاح ہے، بنی نوع انسان کے غم گسار، خاتم النبین، محسن انسانیت کی تعلیمات اور اسوہ ہی انسانیت کے لیے امن، ترقی اور فلاح کا راستہ ہے، انہوں نے کہا کہ دین اسلام دکھی انسانیت کی خدمت کا حکم دیتا ہے۔

نماز جمعہ کے بعد قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے بھانجے، تحریک منہاج القرآن کے ڈائریکٹر فنانس عدنان جاوید مرحوم کے درجات کی بلندی و مغفرت کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

دریں اثناء منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر سید امجد علی شاہ نے چیئرمین سپریم کونسل سے ملاقات کی، انہیں قربانی مہم 2019ء کے حوالے سے لائحہ عمل اور انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی، ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی اجتماعی قربانی کی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں کیونکہ وہ سمجھتے ہیں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن بلاتاخیر حق داروں تک ان کا حق پہنچاتی ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top