مخلوق خدا کی خدمت اللہ کریم کی خوشنودی کا سب سے بڑا ذریعہ ہے: حافظ غلام فرید

منہاج میڈیکل یونٹ ہزاروں غریب مریضوں کوگھر کی دہلیز پر علاج اور ٹیسٹ کی سہولیات مہیا کر چکی ہے
قربانی حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت بھی ہے اور معاشرے کے محروم طبقات کی داد رسی کا ذریعہ بھی ہے: امیر لاہور
قربانی کی کھالوں سے آنے والی آمدن عوامی فلاحی منصوبوں پر خرچ کی جاتی ہے: اجلاس سے خطاب

لاہور (12جولائی 2019ء) تحریک منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید نے کہا ہے کہ مخلوق خدا کی خدمت اللہ کریم کی خوشنودی کا سب سے بڑا ذریعہ ہے، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن لاہور کی طرف سے موبائل میڈیکل یونٹ کی کامیاب سروس پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن لاہور کے ناظم انجینئر ثناءاللہ نے کہا کہ منہاج میڈیکل یونٹ اب تک پورے لاہور میں باقاعدگی سے فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد کررہا ہے، اب تک ہزاروں غریب مریضوں کو ان کی گھر کی دہلیز پر علاج اور ٹیسٹ کی سہولیات مہیا کی جا چکی ہیں، موبائل لیب مہینہ میں 20 بار لاہور کی مختلف پی پی میں اعلان شدہ شیڈول کے مطابق سروسز مہیا کرتی ہے۔ مریضوں کا نہ صرف طبی معائنہ کیا جاتا ہے بلکہ ان کو ادویات اور مختلف لیب ٹیسٹ کی سہولیات بھی مفت فراہم کی جاتی ہیں، ناظم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن لاہور اپنے فرائض منصبی پوری ذمہ داری اور خلوص نیت کیساتھ انجام دے رہے ہیں۔ منہاج موبائل یونٹ میں موجود ڈاکٹرز، لیب ٹیکنیشنزاپنے مقدس اور مسیحائی پیشے کو مد نظر رکھتے ہوئے غریب مستحق ہم وطنوں کی خدمت کررہے ہیں، موبائل یونٹ کو مزید متحرک کیا جائے اور اپنی خدمات ان لوگوں تک بھی پہنچائی جائیں جن کے پاس اپنے پیاروں کا علاج کروانے کے وسائل نہیں ہیں، دکھی انسانیت کی خدمت کرنے کا اجر اللہ تعالیٰ دنیا میں بھی دے گا اور آخرت میں بھی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن لاہور کے ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں منہاج القرآن لاہور کے زیر اہتمام جاری فلاحی منصوبہ جات، موبائل میڈیکل یونٹ اور چرمہائے قربانی 2019 ء کے حوالے سے تفصیلی مشاورت اور لائحہ عمل طے کیا گیا، اجلاس میں ناظم لاہور اشتیاق حنیف مغل، انجینئر ثناء اللہ خان، چودھری محمد اقبال، مرزا ندیم بیگ، محمد امجد قادری، اصغر ساجد، ریحان چودھری و دیگر بھی موجود تھے۔ اجلاس میں رحیم یار خان میں ہونے والے ٹرین حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ لواحقین سے اظہار ہمدردی اور حادثے پر افسوس کااظہار کیا گیا۔ اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے حافظ غلام فرید نے کہا کہ قربانی حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت بھی ہے اور معاشرے کے محروم طبقات کی داد رسی کا ذریعہ بھی ہے، قربانی کے گوشت سے لے کر جانور کی کھال تک غریبوں کے لیے خوشی اور سہارا ہے۔ منہاج القرآن لاہور اس سال قربانی کی کھالوں سے آنے والے آمدن موبائل میڈیکل یونٹ، تعلیم، اجتماعی شادیوں و دیگر فلاحی منصوبہ جات پر خرچ کرے گی۔ ان منصوبہ جات کو کامیابی سے جاری رکھنے کے لیے اس سال قربانی کی کھالوں کو پہلے سے زیادہ جوش و خروش سے اکٹھا کیا جارہا ہے، اس حوالے سے کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top