اچھا اخلاق دنیا و آخرت میں کامیابی کی ضمانت ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 18 اگست 2019ء

قائد تحریک منہاج القرآن کا میاں ممتاز کے جواں سال بیٹے کے انتقال پر اظہار تعزیت
عدنان جاوید کی رسم چہلم سے آڈیو لنک پر خطاب کی، خرم نواز گنڈا پور و دیگر رہنماؤں کی شرکت

لاہور (18 اگست 2019ء) قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج القرآن کے لائف ممبر میاں ممتاز کے جواں سال بیٹے رضا المصطفیٰ کے انتقال پر گہرے غم اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے میاں ممتاز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زندگی اور موت اللہ کے اختیار میں جو ذی نفس اس دنیا میں آتا ہے اسے مقررہ وقت پر اللہ کے حضور حاضر ہونا ہے۔

دریں اثناء جامع المنہاج ٹاؤن شپ میں رضا المصطفیٰ کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔ صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے دعا کروائی اور سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔ خرم نواز گنڈاپور، علامہ رانا محمد ادریس، نور اللہ صدیقی، راجہ زاہد محمود، احمد نواز انجم، جواد حامد، عبد الرحمان، حافظ غلام فرید، ساجد محمود بھٹی، راشد حمید کلیامی، شہزاد رسول اور بڑی تعداد میں رہنماؤں، کارکنوں نے شرکت کی۔

دریں اثناء منہاج القرآن انٹرنیشنل کے فنانس ڈائریکٹر عدنان جاوید مرحوم کی رسم چہلم کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب سے آڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے عدنان جاوید کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عدنان جاوید امانت اور دیانت کا پیکر تھے، حساس ذمہ داری پر ہونے کے باوجود وہ ہر ایک سے اعلیٰ اخلاق سے پیش آتے اور آج ہر شخص انکے لئے دعا گو ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی عارضی زندگی میں ہر شخص اچھے اخلاق پر قائم رہے، اسی میں دنیا و آخرت کی کامیابی ہے۔ تحریک منہاج القرآن کے سینکڑوں کارکنان عدنان جاوید کےلئے انعقاد پذیر چہلم کی تقریب میں شریک ہوئے، قرآن خوانی کی گئی اور انکے درجات کی بلندی کےلئے دعائیں کی گئیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top