آئرلینڈ: تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام ڈبلن میں ماہانہ درودوسلام کی روحانی محفل کا انعقاد

ڈبلن آئرلینڈ  ۔۔۔ فرخ وسیم بٹ ۔۔۔ تحریک منہاج القرآن آئرلینڈ کے زیراہتمام ڈبلن میں ماہانہ درود و سلام کی ایک روحانی محفل کا انعقاد کیا گیا جس میں تحریک منہاج القرآن آئرلینڈکے رفقاء واراکین وابستگان کے علاوہ آئرلینڈ کی کئی اہم شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی محفل کا آغاز ابوبکر نے تلاوت قرآن پاک سے کیا منہاج القرآن آئرلینڈ کے نائب صدر رضوان احمد طور اور جوائنٹ فنانس سیکرٹری سید ذیشان شاہ نے حضور نبی اکرم ﷺ کی بارگاہ اقدس میں گلہائے عقیدت پیش کیے جبکہ نقابت کے فرائض منہاج القرآن آئرلینڈ کے جنرل سیکرٹری محی الدین نے ادا کیے۔

 پیر غلام دستگیر نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتاب المنہاج السوی من الحدیث النبوی سے درود پاک اور ذکر کی اہمیت پر درس دیا، انہوں نے درود و سلام کی فضیلت اور اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ درود و سلام ایک منفرد عمل ہے جو مقبولِ بارگاہِ اِلٰہی ہے۔ یہ اللہ تعالیٰ اور اس کے حبیب ﷺ کے قرب و رضا کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے۔ فوری اَثرات و نتائج کے حامل اَعمال میں اِسے خاص اَہمیت حاصل ہے کیوں کہ یہ عمل اللہ رب العزت اور ملائکہ کی سنت ہے۔ وہ ہمہ وقت محبوبِ رب العالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود بھیجتے رہتے ہیں۔ جملہ اہلِ ایمان کو بھی صلوٰۃ و سلام بھیجنے کا حکمِ خداوندی ہے۔ اِس حکم کے تحت محبوبِ کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر ہمہ وقت درود و سلام بھیجنا اہلِ ایمان کا وظیفۂ حیات ہے۔ جب آمدِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا دن آتا ہے تو اہلِ محبت کے درود و سلام پر مشتمل اِس عملِ خیر میں اور بھی اضافہ ہو جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان محافل کا درس یہی ہے کہ ہماری باقی زندگیوں میں بھی ان محافل کا اثر نظر آئے اور دیکھنے والا کہے کہ یہ اللہ اور دین اسلام کے احکامات پر عمل کرنے والے اور حضور نبی اکرمؐ کی اتباع کرنے والے مسلمان ہیں۔

آخر میں تمام شرکاء نے حضور نبی اکرمؐ کی بارگاہ اقدس میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت و تندرستی، پاکستان کی ترقی و خوشحالی، کشمیر اور تمام امت مسلمہ کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

اس محفل میں جن اہم شخصیات نے شرکت کی ان میں پیر غلام دستگیر معروف قانون دان سولسٹر چوہدری عمران خورشید، چوہدری عجائب، عمرخان، مدثر علی، مقصل امین، شہزاد گجر، عثمان احمد اور دیگر شخصیات شامل تھیں۔ اس پروگرام میں جن احباب کی معاونت رہی ان میں سید ذیشان شاہ، رضوان احمد طور، رانا فیصل، محی الدین، محمد عرفان، فیصل ریاض، ابوبکر، مبین احمد، عبدالقیوم، راؤ ذیشان احمد، محمد زہیب اور دیگر احباب شامل تھے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top