منہاج القرآن کے زیراہتمام بچوں کی استقبال ربیع الاول ریلی

بچوں، بچیوں نے شمعیں پکڑ کر آقائے دو جہاں ﷺ سے اظہار عقیدت کیا
پیارے آقا ﷺ بچوں سے محبت کرتے تھے، ریلی میں شریک بچوں کا اظہار خیال
ریلی ماڈل ٹاؤن میں نکالی گئی، بچوں نے خوبصورت لباس زیب تن کر رکھے تھے
ریلی کا مقصدبچوں کو سیرت مصطفی ﷺ سے روشناس کروانا ہے : فرح ناز

لاہور (30 اکتوبر 2019ء) منہاج القرآن ویمن لیگ کے بچوں کی تربیت کے فورم ’’ایگرز‘‘ کے زیراہتمام استقبال ربیع الاول کے سلسلے میں بچوں اور بچیوں نے ماڈل ٹاؤن میں ریلی نکالی، اس منفرد استقبال ربیع الاول ریلی میں 10 سال سے کم عمر کے بچے اور بچیاں شریک تھیں۔ ریلی میں شریک بچوں نے رنگ برنگے خوبصورت فینسی لباس زیب تن کر رکھے تھے اور نگینوں سے آراستہ نعلین پاک کے بیجز لگا رکھے تھے۔ ریلی میں شریک چھوٹے چھوٹے بچوں نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر اسم محمد ﷺ اور رسول اکرم ﷺ کے فرامین درج تھے۔ بچوں نے ہاتھوں میں روشن شمعیں تھام رکھی تھیں اور ریلی کے تمام راستے وہ آمد مصطفی مرحبا مرحبا کے نعرے لگا تے رہے، ریلی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی رہائش گاہ سے نکل کر مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی، منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ پر اختتام پذیر ہوئی جہاں بچوں کے اعزاز میں ضیافت میلاد کا اہتمام کیا گیا تھا۔

ریلی میں شریک بچوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیارے آقا ﷺ بچوں سے بے حد محبت اور شفقت کرتے تھے وہ بچوں کو ڈانٹتے تھے اور نہ کسی کو ڈانٹنے دیتے تھے۔ وہ بچوں سے اس حد تک پیار کرتے تھے کہ جب حضرت امام حسن اور امام حسین بچے تھے اور دوران نماز وہ انکے کندھوں پر بیٹھ جاتے تھے تو وہ انکے گرنے کے خدشہ کے پیش نظر اپنے سجدوں کو طویل کر دیتے تھے۔ آپ ﷺ یتیم بچوں کو سینے سے لگا کر رکھتے تھے اور صحابہ کرام کو بھی ہدایت کرتے تھے کہ بچوں سے پیار کریں اور انکے حقوق کا خیال رکھیں۔

اس موقع پر ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بچوں کی استقبال ربیع الاول ریلی کا مقصد بچوں کو اوائل عمری میں سیرت طیبہ سے روشناس کروانا ہے۔ استقبال ربیع الاول ریلی میں ڈائریکٹر ایگرز ایمن یوسف اور ڈپٹی ڈائریکٹر ام کلثوم نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر ایگرز ایمن یوسف نے کہا کہ ربیع الاول کے مبارک مہینے میں پیارے نبی حضور اکرم ﷺ کی ولادت باسعادت ہوئی۔ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز، سدرہ کرامت، عائشہ مبشر ویگر رہنماؤں نے ریلی کا استقبال کیا۔ اس موقع پر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ چلڈرن فورم کے عہدیداران بھی موجود تھے۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ چلڈرن فورم کی جانب سے کیک کاٹا گیا۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کی رہنماؤں نے بچوں میں تحاءف بھی تقسیم کئے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top