نور پور پاکپتن شریف میں درس عرفان القرآن

حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اطاعت انسانی زندگی میں آسانیاں پیدا کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہارگزشتہ روز نور پور (تحصیل پاکپتن شریف) میں درس قرآن دیتے ہوئے مرکزی نائب ناظم دعوت علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ انسانی سوچ، فکر اور تعلیمات ناقص ہو سکتی ہیں کیونکہ انسان ناقص ہے۔ لیکن علم نبوت وحی الٰہی سے روشنی پاتا ہے لہذا وحی الٰہی میں غلطی ممکن نہیں۔ قرآن مجید تو اپنے پڑھنے والوں کو باخبر کر رہا ہے کہ ’’ذالک الکتاب لاریب فیہ‘‘ اے انسان اس کتاب کو یقین کامل کے ساتھ تلاوت کر کیونکہ اس عظیم کتاب میں کسی شک وشبہ کی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے کہا حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اطاعت میں آسانیاں اور سہولتیں ہیں۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اسوہء حسنہ نہ صرف قیامت تک قابل تقلید ہے بلکہ یہی اسوہ انسانی فطرت کے عین مطابق ہے۔

پروگرام کی صدارت جناب مرکزی امیر پنجاب احمد نواز انجم صاحب نے فرمائی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ کردار وعمل کو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اسوہء حسنہ کے مطابق ڈھالنا دین ودنیا کی حقیقی فلاح اور کامیابی کی ضمانت ہے۔ درس قرآن میں علاقہ بھر سے سینکڑوں مرد وخواتین نے شرکت کی۔ جناب محمد رفیق یاسر ناظم تحریک نور پور نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔




تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top