حکومت معذوروں کو ان کا حق دے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا معذوروں کے عالمی دن پر تقریب سے خطاب

کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے زیراہتمام معذوروں کے عالمی دن کے موقع پر خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں ڈاکٹر پروفیسر خان محمد ملک، مفتی عبدالقیوم ہزاروی، ڈاکٹر ممتازالحسن باروی، ڈاکٹر شبیر احمد جامی، ڈاکٹر شفاقت الازہری، ڈاکٹر محمد اکرم رانا نے بھی شرکت کی۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت معذوروں کو عزت اور ان کا حق دے، معذوری کے باعث پیچھے رہ جانے والوں سے شفقت اخلاق حسنہ ہے، ماضی میں معذوروں کے ساتھ فرضی وعدے کیے گئے اور انہیں تضحیک کا نشانہ بنایا گیا، اعلیٰ اخلاق اور تہذیب کا تقاضا ہے کہ معذوروں کو دیگر شہریوں کی نسبت زیادہ عزت اور حقوق دئیے جائیں، یہی اسلام اور پیغمبر اسلام ﷺ کی تعلیمات اور احکامات ہیں۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ انسانیت کو خطبہ حجتہ الوداع سے اولاد آدم کو یکساں مقام اور احترام کا سبق ملا، حضور نبی اکرم ﷺ نے فرمایا کسی عرب کو غیر عرب پر، کسی سفید فام کو سیاہ فام پر سوائے تقویٰ کے کوئی برتری حاصل نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ اسی انسانی حقوق کے عظیم چارٹر سے یہ پیغام ملتا ہے کہ کوئی صحت مند ہے یا بیمار، کوئی تندرست ہے یا معذور، کسی کے جسمانی نقص کی وجہ سے کسی دوسرے کو کوئی فضیلت حاصل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں فرمایا اے لوگوں اپنے رب سے ڈرو جس نے تمہاری پیدائش ایک جان سے کی۔ یعنی تمام انسان اپنی تخلیق میں یکساں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سوسائٹی کے تمام طبقات کو چاہیے کہ وہ معذوروں کو زندگی کی دوڑ میں برابر ی کی بنیاد پر شامل رکھنے کے لیے اقدامات کریں، انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں میں نابینا افراد کے ساتھ بھی امتیازی سلوک اور تشدد کے دل سوز واقعات دیکھتے اور سنتے رہے، معذوروں کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی کرنا یا انہیں استحصال کا نشانہ بنانا اخلاقی دیوالیہ پن ہے کسی اچھے اخلاق والی سوسائٹی کو یہ رویے زیب نہیں دیتے۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ معذورافراد کو اپنا برابر کا بھائی سمجھیں اور انہیں زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے اپنے شانہ بشانہ لے کر چلیں، جماعت، تحریک، ریاست کا یہ بنیادی فریضہ ہے کہ وہ کمزوروں اور مظلوموں کی دست گیری کرے اور انہیں عدم تحفظ کا شکار نہ ہونے دے۔

تقریب سے ڈاکٹر پروفیسر خان محمد ملک، مفتی عبدالقیوم ہزاروی، ڈاکٹر ممتازالحسن باروی، ڈاکٹر شبیر احمد جامی، ڈاکٹر شفاقت الازہری، ڈاکٹر محمد اکرم رانا نے تقریب سے خطاب کیا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top