چیئرمین ہلال احمر ابرار الحق کی ڈاکٹر حسن محی الدین قادری سے ملاقات

چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن نے ابرار الحق کو ہلال احمر کا چیئرمین مقرر ہونے پر مبارکباد د ی
اسلام عبادت کے ساتھ خدمت خلق کا بھی سب سے بڑا الہامی دین ہے: ابرار الحق
ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی انسانیت کیلئے خدمات مثالی اور رول ماڈل ہیں: چیئرمین ہلال احمر
بے سہارا اور مظلوم افراد کی خدمت کرنا ہی زندگی کااصل مقصد ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین

لاہور (2 فروری 2020ء) ہلال احمر پاکستان کے چیئرمین معروف سیاسی، سماجی رہنما ابرار الحق نے منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ابرار الحق کو ہلال احمر کا چیئرمین مقرر ہونے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کااظہار کیا۔ اس موقع پرخرم نواز گنڈاپور، سید امجد علی شاہ، شہزاد رسول چودھری، حاجی محمد اسحاق، راجہ زاہد محمود، قاضی فیض الاسلام، عبدالحفیظ چودھری، محمدعلی بٹ موجود تھے۔

ابرار الحق نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ریاست مدینہ کے ماڈل پر ملک و قوم کی خدمت اور سیاسی نظام چاہتی ہے۔ ریاست مدینہ میں عوام کو بلا رنگ، مذہب اور حسب نسب کے جان، مال، روزگار کا تحفظ اور انصا ف میسر تھا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ جان کر بہت خوشی ہوئی کہ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ریاست مدینہ کے موضوع پر بین الاقوامی یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام عبادت کے ساتھ ساتھ خدمت خلق کابھی سب سے بڑا الہامی دین ہے۔ اس حوالے سے منہاج القرآن انٹرنیشنل اور ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خدمات ہر اعتبار سے مثالی اور رول ماڈل ہیں۔ ابرار الحق نے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کو ہلال احمر پاکستان کے جاری فلاحی پروگراموں کے علاوہ دیگر پروگراموں سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی۔

ڈاکٹرحسن محی الدین قادری نے کہا کہ ہلال احمر انسانی خدمت کا ادارہ ہے جو ہر کڑے وقت میں قوم کے شانہ بشانہ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے سہارا اور مظلوم افراد کی خدمت کرنا ہی زندگی کااصل مقصد ہے۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ابرار الحق کو منہاج یونیورسٹی، کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے وزٹ کی دعوت دی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top