خلیفہ اول سیدنا ابوبکر صدیق کا دور خلافت اسلامی، فلاحی مملکت کا مکمل نمونہ ہے: علامہ میر آصف اکبر

حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کی سیرت و کردار امت کےلئے روشنی اور رہنمائی کا مظہر ہے: ناظم منہاج القرآن علما کونسل
خلیفہ اول نے بیت المال قائم کر کے معذوروں اور مستحقین کے سر پر دست شفقت رکھا: شان صدیقی اکبر کانفرنس سے خطاب

لاہور (21 فروری 2020ء) ناظم منہاج القرآن علما کونسل علامہ میر آصف اکبر نے کہا ہے کہ خلیفہ اول سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کا دور خلافت اسلامی، فلاحی مملکت کا ایک مکمل نمونہ ہے۔ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کا عہد اسلامی تعلیمات کا عملی مظہر اور اسلامی تعلیمات کا زریں حصہ تھا۔ خلیفہ اول نے جس تدبر، حکمت اور عزم و استقامت سے فتنوں کا قلع قمع کیا انسانی تاریخ میں اسکی مثال نہیں ملتی۔ حضرت ابوبکر صدیق کی سیرت و کردار امت کےلئے روشنی اور رہنمائی کا مظہر ہے۔ خلیفہ اول کا دور خلافت بے مثال اصلاحات سے عبارت ہے۔ سادہ طرز زندگی، اعلیٰ اخلاق، ظلم و جبر کا خاتمہ آپ رضی اللہ عنہ کے کارناموں میں شامل ہے۔ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے عہد کی فتوحات کامیابیاں و کامرانیاں ایسے عنوانات سے عبارت ہیں جس پر اسلام کی تاریخ کو فخر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ’’شان سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علامہ غلام اصغر صدیقی، علامہ عثمان سیالوی، علامہ مفتی خلیل حنفی، علامہ امداد اللہ شاہ، علامہ اکرم طیب، علامہ محمد حسین آزاد، علامہ لطیف مدنی و دیگر علما بھی موجود تھے۔

علامہ میر آصف اکبر نے کہا کہ آپ رضی اللہ عنہ نے بیت المال قائم کر کے معذوروں اور مستحقین کے سر پر دست شفقت رکھا۔ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کیلئے جھوٹے مدعیان نبوت کی سرکوبی کی اور اپنے عمل سے ثابت کیا کہ عشق مصطفیٰ ﷺ اور عقیدہ ختم نبوت ایمان کی اساس ہے۔ ذمیوں کو جان ومال کا تحفظ دیا اور انکے حقوق و فراءض کا تعین کیا اور ریاست مدینہ کے اندر تمام شہریوں کو ان کا جائز مقام دیا اور حسن انتظام سے تعلیمات مصطفوی کو مضبوط و مستحکم بنیادوں پر استوار کیا۔ خلیفہ اول سیدنا ابوبکر صدیق کا زمانہ خلافت نبی کریم ﷺ کے اسوہ حسنہ کا عملی پیکر تھا، آپ رضی اللہ عنہ نے اپنی خلافت کے زمانے میں جو بھی اقدامات اٹھائے وہ سب نبی اکرم ﷺ کے فرمودات کے عین مطابق تھے،آج بھی عالم اسلام کے حکمران اور مختلف النظام کے تحت کام کرنے والی حکومتیں سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے حکومتی و انتظامی ماڈل سے سیکھیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top