امت کو آپ ﷺ کے وسیلہ سے شب قدر کی عظیم نعمت ملی: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

مورخہ: 20 مئی 2020ء

Dr Tahir ul Qadri

قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے شب قدر کی بابرکت رات آن لائن خصوصی گفتگو میں کہاکہ امت مسلمہ کو آپ ﷺ کے وسیلہ سے شب قدر کی عظیم نعمت ملی، اس ایک رات کی عبادت کو اللہ نے ہزار مہینوں سے افضل قرار دیا ہے۔ جو بندہ خدا عجز و انکساری کے ساتھ اس فضیلت والی ایک رات میں شب بھر عبادت کرے گا اسکے نامہ اعمال میں 83 برس چار ماہ کی مقبول عبادت درج ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ اللہ رب ا لعزت نے قرآن مجید میں اعلان فرمایا ہے کہ قرآن مجید شب قدر میں نازل ہوا اور اس رات فرشتے اپنے رب کے حکم پر خیر و برکت کے ہر امر کے ساتھ زمین پر اترتے ہیں، اس رات صدق دل سے کی جانیوالی ہر دعا اور التجا اللہ قبول کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حضور نبی اکرم ﷺ کا فرمان ہے کہ جو شخص شب قدر کی رات سے محروم رہتا ہے گویا وہ سارے خیر سے محروم رہا اور اس رات کی بھلائی سے وہی شخص محروم رہ سکتا ہے جو واقعتاً محروم ہو۔ انہوں نے کہاکہ اس فضیلت والی رات کی برکتیں سمیٹنے اور اللہ کو راضی کرنے کےلئے عزیز و اقارب کے ساتھ ٹوٹے ہوئے تعلقات کو بحال کرو۔ مظلوموں، یتیموں کی آہوں سے بچو، معاملات زندگی میں عدل و انصاف سے کام لو۔ انہوں نے مزید کہا کہ اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ وہ ہماری انفرادی اور اجتماعی لغزشوں سے درگزر فرمائے اور انسانیت کو ہر نوع کی وباؤں سے محفوظ بنائے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے مزید کہاکہ کورونا وائرس کی وجہ سے لمبا عرصہ لاک ڈاؤن کی کیفیت رہی، کاروباری طبقہ بالخصوص مزدور معاشی اعتبار سے مسائل کا شکار ہوئے۔ صاحب حیثیت افراد ضرورت مندوں کی ضروریات کا خیال رکھیں، فی الوقت حاجت مندوں کی حاجت روائی بہترین عمل اور عبادت ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top