ڈاکٹر طاہرالقادری کی 40 روزہ آن لائن لیکچر سیریز اختتام پذیر

مورخہ: 09 جون 2020ء

لیکچرز لاک ڈؤن کے آغاز پر شروع ہوئے 27 ہزار افراد نے رجسٹریشن کروائی
بخاری شریف کے مسلسل 40 روز لیکچرز سماعت کرنیوالوں کو سند بھی جاری کی گئی

لاہور (8 جون 2020) قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 40 روزہ لیکچر سیریز گزشتہ روز اختتام پذیر ہو گئی۔ بخاری شریف کے لیکچرزسننے کےلئے پاکستان اور بیرون ملک مقیم 27 ہزار سے زائد افراد نے رجسٹریشن کروائی۔ لیکچرز سیریز کے اختتام پر انہیں ڈاکٹر طاہر القادری کی دستخط شدہ سند بھی دی گئی۔ لیکچرز سماعت کرنیوالوں میں ہزاروں علماء، اساتذہ خواتین و حضرات طلباء و طالبات شامل تھے۔ قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کورونا وائرس کی وباء اور لاک ڈؤن کی وجہ سے فرصت کے لمحات کے علمی، تحقیقی استعمال کی سوچ کے ساتھ لیکچرز سیریز کا آغاز کیا تھا جو گزشتہ روز کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گئی۔

لیکچرز سیریز کے اختتامی روز شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ نوجوانوں کے لئے نصیحت ہے بےمقصد دوستیاں اور بری صحبتیں ترک کر دیں اور اپنا ناطہ کتاب سے استوار کریں۔ اچھی صحبتیں آباد اور بری صحبتیں برباد کر دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عطار کی دکان پر جائیں گے تو کچھ لیں یا نہ لیں خوشبو ضرور آئے گی، لوہار کی دکان پر جائیں گے تو بو اور تپش سے بچ نہیں سکیں گے، بس اچھی اور بری صحبت کے یہی اثرات اور ثمرات ہوتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان اور ملت اسلامیہ کا باوقار مستقبل ہیں، انکی تربیت اور کردار سازی ہرعالم، مبلغ، استاد، سکالر والدین کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان لیکچرز کے زریعے جو اچھی باتیں سنی گئیں اور علم حاصل کیا گیا اسکا حقیقی فائدہ اسی وقت ہو گا جب ان پر عمل کیا جائیگا اورانہیں اپنی عملی زندگی پر نافذ کیا جائیگا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top