شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء 6 سال بعد بھی غیر جانبدار تفتیش کے حق سے محروم ہیں: ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 16 جون 2020ء

سابق چیف جسٹس سپریم کورٹ، سابق آرمی چیف، وزیراعظم نے انصاف کی یقین دہانی کروائی مگر انصاف نہیں ہوا
حکومت بدلی مگر انصاف کے پیمانے نہیں بدلے، ماضی میں بھی قاتلوں کو ترقیاں ملیں، آج بھی مل رہی ہیں، گفتگو
شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کے درجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعا، 17 جون مرکزی سیکرٹریٹ پر قرآن خوانی ہو گی

لاہور (16 جون 2020ء) قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے سنٹرل ورکنگ کونسل کے آن لائن اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء 6 سال گزر جانے کے بعد بھی انصاف مانگ رہے ہیں، سپریم کورٹ کے لارجر بنچ کے روبرو غیر جانبدار تفتیش کے لئے جو نئی جے آئی ٹی بنی تھی اسے بھی کام کرنے سے روک دیا گیا، تین اداروں کے سربراہان نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کی یقین دہانی کروائی مگر عملدرآمد نہیں ہو سکا، سپریم کورٹ کے لارجر بنچ نے کہا تھا منہاج القرآن کی قیادت احتجاج کی بجائے قانونی جدوجہد پر توجہ مرکوز کرے، سپریم کورٹ کے اس حکم کا آج کے دن تک احترام کررہے ہیں مگر سپریم کورٹ کے لارجر بنچ کے روبرو بننے والی جے آئی ٹی کو کام کرنے سے روک دیا گیا، آخر سانحہ ماڈل ٹاؤن کی غیر جانبدار تفتیش کیوں نہیں ہونے دی جارہی؟

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ عمر بھر کارکنوں کو امن اور قانون کے احترام کی تربیت دی، اسی لیے آئین و قانون کے مطابق عدالتوں سے انصاف مانگ رہے ہیں، سانحہ ماڈل ٹاؤن کا کیس انسداد دہشتگردی عدالت لاہور سے لے کر سپریم کورٹ تک لڑرہے ہیں، انصاف کے لئے وکلاء کو کروڑوں روپے فیسیں دے چکے مگر انصاف کے حوالے سے چھ سال پہلے جس جگہ کھڑے تھے آج بھی وہیں کھڑے ہیں، حکومت بدلنے کے باوجود انصاف کے پیمانے نہیں بدلے، ماضی میں بھی قاتلوں کو ترقیاں ملتی رہیں آج بھی سانحہ میں ملوث پولیس اور سول افسروں کو ترقیاں مل رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سابق آرمی چیف، سابق چیف جسٹس سپریم کورٹ اور وزیراعظم پاکستان نے انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی مگر تاحال انصاف دور کی بات انصاف کی فراہمی کے حوالے سے پیشرفت بھی نہیں ہو سکی، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ایک قانون پسند شہری کی حیثیت سے اپنا کیس عدالتوں میں لڑرہے ہیں، حصول انصاف تک یہ جدوجہد جاری رکھیں گے، انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن میں شہید کردئیے جانے والے شہری کیا پاکستان کے شہری نہیں تھے؟ کیا آئین پاکستان نے ہر شہری کی طرح ان شہریوں کو بھی جان، مال کے تحفظ کی گارنٹی نہیں دی، انہوں نے کہا کہ انصاف کے لئے عدالتوں میں قانونی جنگ لڑ رہے ہیں اور آخری سانس تک انصاف مانگتے رہیں گے۔

قائد تحریک منہاج القرآن نے شہدائے ماڈل ٹاؤن کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا کی۔ 17 جون 2020ء مرکزی سیکرٹریٹ میں شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کے لئے قرآن خوانی ہو گی، تحریک منہاج القرآن لاہور کے قائدین شہداء کی قبروں پر حاضری دینگے اور پھولوں کی چادریں چڑھائیں گے، پونے پانچ بجے مرکزی سیکرٹریٹ پر شہداء کی یادگارپر پھولوں کی چادر چڑھائی جائے گی اور پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء اور مرکزی رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو بھی کرینگے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top