قوم سچے دل سے توبہ کرے سارے عذاب ٹل جائیں گے: علامہ رانا ادریس

مورخہ: 19 جون 2020ء

کورونا کے علاج اور ٹیسٹ میں بھی قوم کو لوٹا گیا، اللہ کی مدد کیسے آئے؟
مشکل حالات سے گھبرانے کی بجائے اللہ تعالیٰ کی رحمت پر بھروسہ رکھنا چاہیے
قوم استغفار کے ساتھ ذکر و دعا اور درود شریف کثرت کے ساتھ پڑھے: نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن

لاہور (19 جون 2020) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے کہا ہے کہ صدقات و خیرات اور توبہ و استغفار سے وبائیں اور بلائیں ٹلتی ہیں۔ قوم اب سچے دل سے توبہ کرلے تو سارے عذاب ٹل جائیں گے۔ کورونا وائرس کی وباء اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک سرزنش ہے اگراس سرزنش سے سبق حاصل نہ کیا گیا تو پھر بڑی گرفت ہو گی۔ ایک طرف کورونا وباء کی وجہ سے انسانی آبادی کا ایک بڑا حصہ معاشی بحران کی لپیٹ میں آیا دوسری طرف کچھ ٹیسٹ لیبارٹری والوں نے اسے کمائی کا ذریعہ بنا لیا اور دونوں ہاتھوں سے غریب شہریوں کو لوٹا اور بدقسمتی سے مہنگائی مافیا کو حکومتی ادارے نکیل ڈالنے میں بھی ناکام رہے۔ انہوں نے کہاکہ کورونا کے علاج اور ٹیسٹ میں بھی قوم کو لوٹا گیا اور دھوکہ دیا گیا، ایسے میں اللہ کی مدد کیسے آئے؟ انہوں نے کہا کہ اب بھی وقت ہے اس ملک کے طاقتور، بزنس مین، پرائیویٹ ہسپتالوں کے مالک ذخیرہ اندوز باز آ جائیں ورنہ یہ دولت قبر میں سانپ اور بچھو بن کر انہیں ڈسے گی اور پھر معافی کا کوئی راستہ نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء پاکستان سمیت پوری دنیا میں بڑی تیزی سے پھیل چکی ہے، حالیہ وباء کو اللہ کریم کی طرف سے انتباہ، آزمائش اور امتحان کہا جا سکتا ہے۔ اس مشکل گھڑی میں گناہوں پر ندامت، توبہ و مناجات خصوصی دعاؤں کا اہتمام اور اللہ تعالیٰ کی طرف سچے دل سے رجوع کرنے کی ضرورت ہے۔ استغفار مصیبتوں سے نجات پانے کا ایک غیبی نسخہ ہے۔ حضور نبی کریم ﷺ کا ارشاد ہے کہ ’’جو استغفار کا اہتمام کرے اللہ تعالیٰ اس کےلئے مصیبت سے باہر نکلنے کا راستہ بنا دیتا ہے، ہر فکر سے نجات عطا فرماتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں نماز جمعہ کے بعد خصوصی دعا کرواتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم استغفار کے ساتھ ذکر و دعا اور درود شریف کثرت کے ساتھ پڑھے، ہ میں ان مشکل حالات سے گھبرانے کی بجائے اللہ تعالیٰ کی رحمت پر بھروسہ رکھنا چاہیے۔ احتیاطی تدابیر پر مکمل سختی سے عمل کریں۔ دعاؤں اور التجاؤں کا عمل جاری رکھیں۔ جب انسانی کوشش اور تدبیر کے ساتھ رجوع الی اللہ کا عمل جمع ہو جائے تو ان شا اللہ ضرور وبائی امراض سے نجات اور حفاظت حاصل ہو گی۔ ساری قوم کےلئے اب وقت دعا و استغفار ہے، اٹھو اور اللہ کے حضور سجدہ ریز ہو جاؤ اپنے معبود حقیقی کے سامنے جھک جاؤ۔ اللہ تعالیٰ کے حضور گڑگڑا کر دعائیں کرو، اسکی رحمتوں کی طلب کرو وہ سننے اور ماننے والا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو قرآن حکیم اور صاحب قرآن کی تعلیمات کو سمجھنے اور عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top