شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا ڈاکٹرز اور شعبہ طب سے تعلق رکھنے والے سٹوڈنٹس سے آن لائن سیمینار سے خطاب

قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء میں ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈیکل سٹاف نے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر دوسروں کی جانوں کا تحفظ کیا، اللہ نے فرمایا ہے جس نے ایک انسان کی جان بچائی گویا اس نے پوری انسانیت کو بچایا، انسانی صحت اور جان کے تحفظ کیلئے کردار ادا کرنے والے ڈاکٹرز انسانیت کی خدمات کے ساتھ ساتھ اللہ اور اس کے رسولﷺ کے احکامات بھی بجا لاتے ہیں، ان کی قدرکی جائے، انہوں نے کورونا وائرس کی و باء کے دوران بے مثال خدمات انجام دینے والے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کے جذبہ کو سراہا اور خراج تحسین پیش کیا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن کے ذیلی فورم ایم ایس ایم سسٹرز پاکستان کی طرف سے منعقدہ آن لائن کانفرنس میں کیا، کانفرنس میں یوکے، یو ایس اے، یورپ، پاکستان سے 8 سو سے زائد سپیشلسٹ، پروفیسرز، ڈاکٹرز، میڈیکل سٹوڈنٹس، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف شریک ہوئے، آن لائن سیمینار سے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے نائب صدر بریگیڈیئر(ر) اقبال احمد خان، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے بھی اظہار خیال کیا اور ڈاکٹرز کو وباء کے دوران مثالی کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کیا، نظامت کے فرائض قرۃ العین فاطمہ نے انجام دئیے جبکہ مرکزی صدر فرح ناز، ناظمہ سدرہ کرامت و دیگر عہدیدار خواتین نے سیمینار میں شرکت کی۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ غیر اسلامی دنیا کے ڈاکٹر انسانیت کی خدمت اور بقاء کے لئے اپنا کردار ادا کرتے ہیں جبکہ مسلم دنیا کے ڈاکٹرز انسانیت کی خدمت اور بقاء کے ساتھ ساتھ اللہ اور اس کے رسولﷺ کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے طبی خدمات انجام دیتے ہیں، شعبہ طب دکھی انسانیت کی خدمت کا بہترین اور باوقار راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز کو بعض اوقات اپنے تمام تر اخلاص کے باوجود نامساعد اور ناپسندیدہ رویوں کاسامنا کرنا پڑتا ہے جہاں یہ بہت ہی فضیلت والا شعبہ ہے وہاں ایک تھینکس لیس جاب بھی ہے کیونکہ جن کا کوئی پیارا دوران علاج اپنے وقت مقررہ پر دنیا سے رخصت ہو جاتا ہے تو لواحقین اس کا ذمہ ڈاکٹرز کو ٹھہراتے ہیں، بسااوقات ڈاکٹرز بھی اپنی تمام تر خدمت اور محنت کے باوجود دلبرداشتہ ہو جاتے ہیں، ایسے تمام ڈاکٹرز کیلئے میں کہوں گا کہ آپ اپنا اجر اللہ سے مانگیں، آپ ایک انسان کی جان بچاتے ہوئے درحقیقت پوری انسانیت کو بچارہے ہوتے ہیں اور اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے احکامات کو بجالارہے ہوتے ہیں، اس لیے وقتی اشتعال کی نظر ہونے کی بجائے اپنے اجر کی حفاظت کریں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top