قدوۃ الاولیاء سیدنا طاہر علاؤالدین القادری الگیلانی رضی اللہ عنہ کے عرس کی تقریبات شروع

29 ویں یوم وصال پر دربار عالیہ غوثیہ بغداد ٹاؤن (ٹاؤن شپ) میں روحانی تقریب
پیر السید محمود محی الدین القادری الگیلانی، پیر السیداحمد نور الدین القادری
الگیلانی کی غسل اور چادر پوشی کی تقریب میں شرکت کی
خرم نواز گنڈاپور، راجہ زاہد محمود، محمد رفیق نجم، حافظ غلام فرید سمیت رہنماؤں اور عقیدتمندوں کی بڑی تعداد میں شرکت

لاہور (15 جولائی 2020) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے روحانی سرپرست قدوۃ الاولیاء سیدنا طاہر علاؤالدین القادری الگیلانی البغدادی رضی اللہ عنہ کے 29 ویں یوم وصال کے سلسلے میں دربار عالیہ غوثیہ بغداد ٹاؤن (ٹاؤن شپ) لاہور سمیت دنیا بھر روحانی تقریبات شروع ہو گئیں۔ دربار عالیہ غوثیہ بغداد ٹاؤن (ٹاؤن شپ) میں تقریبات کا آغاز تلاوت قرآن حکیم، نعت رسول مقبول ﷺ اور مزار اقدس کے غسل مبارک سے ہوا۔ جگر گوشہ قدوۃ الاولیاء پیر السید محمود محی الدین القادری الگیلانی مدظلہ، پیر السید احمد نور الدین القادری الگیلانی مدظلہ نے غسل اور چادر پوشی کی تقریب میں خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور، راجہ زاہد محمود، انجینئیر محمد رفیق نجم، حافظ غلام فرید، منہاج القرآن کے دیگر عہدیدران و کارکنان، بزم قادریہ، خدام دربار غوثیہ لاہور کے علاوہ عقیدتمندوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ مزار اقدس پر چادر پوشی پیر السید محمود محی الدین القادری الگیلانی البغدادی، پیر السیداحمد نور الدین القادری الگیلانی مدظلہ نے کی۔ دربار شریف پر موجود نعت خوان حضرات اور مریدین نے درود و سلام کا نذرانہ سرکار مدینہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں پیش کر کے سماں باندھ دیا۔ شہزادہ غوث الوریٰ پیر السید محمود محی الدین القادری نے خصوصی دعا کی۔ 29 ویں یوم وصال کے موقع پر دربار غوثیہ پر محفل نعت کا اہتمام کیا جائیگا جس میں بین الاقوامی نعت خوان بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں گلہائے عقیدت پیش کرینگے، محفل کے اختتام پر ملکی سلامتی، خوشحالی، عالم اسلام کی ترقی اور کورونا وبا سے نجات کےلئے خصوصی دعا مانگی جائیگی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top