اسلام نے تمام جانداروں کے حقوق متعین کئے ہیں : سید امجد علی شاہ

عید کے تینوں روز سینکڑوں گائیں، دنبے، بکرے اور چھترے ذبح کر کے سنت ابراہیمی کی ادائیگی کی جائیگی
نمود و نمائش نے قربانی کی اصل روح کو گھائل کر رکھا ہے: ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر
قربانی کے آداب و فرائض کو ملحوظ خاطر رکھا جائے: قربان گاہ کے دورے کے موقع پر گفتگو

لاہور (27 جولائی 2020) ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سید امجد علی شاہ نے کہا ہے کہ دین اسلام نے تمام جانداروں کے حقوق متعین کئے ہیں۔ مسلمان اللہ کی تمام مخلوق کا خیر خواہ ہوتا ہے۔ دین اسلام نے جانوروں کے ساتھ اچھا سلوک کرنے اور ان پر رحم کرنے کا حکم دیا ہے۔ حضور اکرم ﷺ ساری کائنات کےلئے رحمت بن کر اس دنیا میں مبعوث ہوئے۔ محسن انسانیت ﷺ کی شان رحمت نہ صرف انسانوں کےلئے ہے بلکہ شان رحمت کی وسعت میں جانوروں کے حقوق کےلئے بھی مساوات کا درس ملتا ہے۔ قربانی کے جانوروں کو انجکشن لگا کر فربہ کرنا، مضر صحت خوراک دینا، ادویات دے کر جانوروں کو صحت مند بنانا یہ تمام اعمال جانوروں کے حقوق میں کوتاہی اور ظلم ہیں۔ ہر عبادت کی طرح قربانی کے بھی آداب و فراءض کو ملحوظ خاطر رکھنا ضروری ہے۔ نمود و نمائش نے قربانی کی اصل روح کو گھائل کر رکھا ہے۔ جانوروں پر ظلم کرنےوالے بد دیانت بیوپاری سماجی و اخلاقی طور پر انتہائی کرپٹ ہیں۔ جانوروں کے ساتھ حسن سلوک اور انکی مناسب دیکھ بھال کے حوالے سے دین اسلام نے روشن تعلیمات دی ہیں۔ حضور اکرم ﷺ کا فرمان ہے کہ جب تم ذبح کرو تو اچھے طریقے سے کرو اپنی چھری کو تیز کر لو اور جانور کو آرام دو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور سلاٹر ہاؤس میں قائم مرکزی قربان گاہ کے دورے کے موقع پر عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سید امجد علی شاہ نے ہدایات دیں کہ سلاٹر ہاؤس میں موجود جانوروں کی خوراک، پانی، صفائی اور آرام کا مکمل خیال رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے مجھے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ دی جائے۔ سید امجد علی شاہ نے کہا کہ مرکزی قربان گاہ میں وٹنری ڈاکٹرز قربانی کے جانوروں کا مکمل چیک اپ کرتے ہیں۔ عید کے تینوں روز سینکڑوں گائیں، دنبے، بکرے اور چھترے ذبح کر کے سنت ابراہیمی کی ادائیگی کی جائیگی۔ قربانی کا گوشت مستحقین میں تقسیم کیا جائے گا۔ قربانی کے گوشت کو ایک سے تین ڈگری درجہ حرارت پر رکھنے کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ گوشت کی تقسیم چلرز والی گاڑیوں میں کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ حفظان صحت کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے لوگوں کو صاف ستھرا پیکٹوں میں بند گوشت مہیا کیا جائے گا۔ مرکزی قربان گاہ کے دورہ کے موقع پر خرم شہزاد، سعید اختر، سعید شاہ، اورنگزیب، محمد عظمت قادری و دیگر بھی موجود تھے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top