اولیاء اللہ نے توحید و رسالت کا پیغام قریہ قریہ پہنچایا: ڈاکٹر طاہرالقادری

حضرت داتا علی ہجویری گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ کا صوفیاء کرام میں بلندتر مقام ہے
ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا حضرت داتا علی ہجویری گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ کے 977 ویں عرس پر پیغام

لاہور (6 اکتوبر 2020ء) قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے حضرت داتا علی ہجویری گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ کے 977 ویں عرس کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اولیاء اللہ نے امن اور محبت کے پیغام کو عام کیا۔ اولیاء اللہ انسانیت سے محبت کرتے تھے اور ان کی دعوت دین نفرت، تفریق اور مسلک سے بالاتر تھی۔ حقیقی تصوف عدم تشدد اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ حضرت داتا علی ہجویری گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ کا صوفیاء کرام میں بلند ترمقام ہے، ان کی تعلیمات اور تصنیفات باطنی تطہیر اور معرفت الٰہی کے حوالے سے آج بھی مشعل راہ ہیں۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا مزید کہنا تھا کہ حضرت داتا علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ نے حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات کی روشنی میں مخلوق خدا کی دن رات خدمت کی۔ اولیاء اللہ توحید اور رسالت کے پیغام کو قریہ قریہ تک پہنچانے کےلئے ہزاروں میل کے سفر کرتے اور تشنگان سلوک و تصوف کی علمی و روحانی پیاس بجھاتے تھے۔ آج اگر صوفیائے کرام کی تعلیمات کو زندگیوں میں داخل کرلیا جائے تو ہمارا قرب و جوار امن و سکون کا گہوارہ بن جائے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ کی تعلیمات سے لاکھوں کی تعداد میں بھٹکے ہوئے صراط مستقیم پر آئے اور آج بھی اللہ کے ان مقرب بندوں کا فیض جاری ہے۔ یہ اللہ کے وہ انعام یافتہ بندے ہیں جن کے بارے میں اللہ رب العزت نے قرآن مجید میں فرمایا ہے کہ انعام یافتہ بندوں کے راستے پر چلنے کی دعا کیا کرو۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top