ہمارے ایمان کی بنیاد محبت و ادبِ رسول ﷺ پر قائم ہے: ڈاکٹر حسین محی الدین قادری

میلاد النبی ﷺ کا سب سے بڑا پیغام محبت، امن اور سلامتی ہے: صدر منہاج القرآن
آغوش کمپلیکس کے زیراہتمام محفل میلاد مصطفی ﷺ سے خطاب
کرنل (ر) مبشر اقبال، صاحبزادہ قاسم خان، ڈاکٹر ساجد محمود، راجہ زاہد، راشد محمود کلیامی، محمد عباس نقشبندی کی شرکت

لاہور (6 نومبر 2020) تحریک منہاج القرآن کے ادارے آغوش کمپلیکس کے زیراہتمام محفل میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں صدر تحریک منہاج القرآن و چیئرمین آغوش کمپلیکس ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی۔ ڈائریکٹر آغوش کمپلیکس کرنل (ر) مبشر اقبال نے استقبالیہ پیش کیا اور ڈاکٹر حسین محی الدین قادری و دیگر مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ آغوش اور تحفیظ القرآن کے بچوں نے تلاوت کلام پاک اور نعت خوانی کی سعادت حاصل کی۔ بچوں نے بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کر کے سماں باندھ دیا۔ آغوش کمپلیکس کے ننھے بچوں نے طلع البدر علینا کے نغموں سے فضا کو معطر کر دیا۔ بچوں نے مہمانوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور بلند آواز میں حضور ﷺکی آمد مرحبا، مرحبا اور سرکار آپ آئے تو دل جگمگائے کے نعرے لگائے۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارے ایمان کی بنیاد ہی محبت و ادبِ رسول ﷺ پر قائم ہے۔ حضور ﷺ کی ولادت کے باعث انسانیت کو جینے کا سلیقہ نصیب ہوا۔ کائنات کے وجود کی رونق حضور اکرم ﷺ کے میلاد کے باعث ہے۔ محافل میلادالنبی ﷺ کا ایک اہم مقصد محبت و قربِ رسول ﷺ کا حصول اور آپ ﷺ کی ذات گرامی سے مسلمانوں کے تعلق کا احیاء ہے۔ میلاد النبی ﷺ کا سب سے بڑا پیغام محبت، امن اور سلامتی ہے۔ حضور نبی کریم ﷺ کی ولادت باسعادت کائنات پر اللہ رب العزت کا احسان عظیم ہے۔ محبت مصطفیٰ ﷺ ایمان کی اساس اور سرمایہ حیات ہے۔ دین اسلام پوری انسانیت کیلئے امن کا پیغام لے کر آیا ہے۔ میلاد النبی ﷺ کی محافل کا انعقاد محبت رسول ﷺ کے اظہار اور محسن انسانیت حضور ﷺ کی تعلیمات امن و سلامتی، عدل و انصاف اور احترام انسانیت کا پیغام پہنچانے کا ذریعہ ہے۔

ڈائریکٹر آغوش کمپلیکس کرنل (ر) مبشر اقبال نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کے میلاد کا مہینہ ہر مسلمان کیلئے مسرت و شادمانی کا عظیم تحفہ لے کر آتا ہے۔ یہ مہینہ رحمتوں اور برکتوں کا ہے۔ صاحبزادہ قاسم خان، ڈاکٹر ساجد محمود، راشد محمود کلیامی، پرنسپل تحفیظ القرآن میاں محمد عباس نقشبندی اور دیگر رہنماءوں نے محفل میلاد النبی ﷺ کی اس تقریب میں خصوصی شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top