ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی نئی کتاب ”منہاج السالکین“ شائع ہو گئی

کتاب 6 ابواب، اڑھائی سو سے زائد اصلاحی موضوعات اور 7 سو صفحات پر مشتمل ہے
کتاب کردار سازی اور سماجی برائیوں کے تدارک کی بیش قیمت معلومات پر مشتمل ہے

لاہور (23 نومبر 2020ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی نئی کتاب ”منہاج السالکین“ شائع ہو گئی ہے، کتاب 6 ابواب، اڑھائی سو سے زائد اصلاحی موضوعات اور 7 سو صفحات پر مشتمل ہے، کتاب اصلاحِ احوال اور روحانی تربیت و ترقی کے نصاب کے طور پر مرتب کی گئی ہے۔

کتاب کے حوالے سے مصنف ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت اس امر کی اشد ضرورت ہے کہ مسلمان علم سے محبت کریں، اپنے کردار اور روح کو پاکیزہ بنائیں اور ایک باعمل مسلمان کے طور پر اصلاحِ معاشرہ کے لئے اپنا مؤثر اور مفید کردار ادا کریں، انہوں نے کہا کہ ضروری ہے کہ نوجوان اپنے گردوپیش میں موجود سماجی آلائشوں سے آگاہ بھی ہوں اور ان کے حل سے واقف بھی ہوں، انہوں نے کہا کہ ایک باعمل مسلمان کے لئے ضروری ہے کہ وہ قرآن و سنت میں بیان کئے گئے اصولوں کے مطابق زندگی گزارے، سچ بولے، انتہا پسندی سے دور رہے، رزق حلال کو اختیار کرے اور ایسے امور و افعال سے دور رہے جن کے بارے میں دین اسلام نے سختی سے منع کیا ہے، انہوں نے کہا کہ یہ ایک برائی دل و دماغ میں در آئی ہے جس میں بڑے گناہوں سے تو بچنے کی کوشش کی جاتی ہے مگر چھوٹے گناہوں کو سرے سے گناہ ہی نہیں سمجھا جاتا، حالانکہ یہ چھوٹے چھوٹے گناہ ہی انسان کو اچھائی سے دور کر دیتے ہیں اور پھر وہ شخص معاشرے کے لئے سوہان روح بن جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کتاب کے ذریعے کاوش کی گئی ہے کہ نوجوانوں کو برے راستے سے بچایا جائے اور ایک باعمل مسلمان بنایا جائے، انہوں نے کہا کہ جب لوگ تقویٰ اور اپنی روحانی آسودگی کی قیمت پر مادی ضروریات کے پیچھے بھاگتے ہیں اور اللہ کے احکامات سے روگردانی کرتے ہیں تو پھر وہ اس دنیا میں بھی اور آخرت میں بھی سزا کے مستحق ٹھہرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ سوسائٹی کے اجتماعی امن اور سکون کے لئے ضروری ہے کہ ایک مسلمان اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع کرے اور اپنے اعمال کو درست کرے، کتاب میں اولیائے اللہ کے سبق آموز واقعات اور روزمرہ کی زندگی میں انجام دینے والے معاملات شامل ہیں جو پڑھنے والے کے دل، دماغ پر اثر ڈالتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کتاب کردار سازی کا ایک مکمل نصاب اور قرآن و سنت اور اللہ کے کامیاب بندوں کی کامیاب زندگی کے سبق آموز واقعات، ارشادات اور تجربات سے مزین ہے۔ یہ کتاب منہاج القرآن کے سیل سنٹر پر دستیاب ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top