اس نظام انصاف میں کمزور کے لیے کوئی انصاف نہیں: ڈاکٹر طاہرالقادری

سانحہ مچھ کے متاثرین سے دلی افسوس اور مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں، قائد منہاج القرآن
ہم بھی دہشت گردی کے زخم خوردہ اور 6 سال سے انصاف سے محروم ہیں

لاہور (9 جنوری 2021) قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ سانحہ مچھ ایک بہت بڑا ظلم ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، دہشت گردی کا شکار متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار اور ان سے مکمل اظہار یکجہتی کرتا ہوں، انہوں نے کہا کہ سانحہ مچھ کے متاثرین کے اس سے قبل بھی نوے نوے افراد شہید ہوئے اور ان سے انصاف اور تحفظ کے جتنے بھی وعدے کیے گئے وہ پورے نہیں ہوئے شاید اس لیے ان میں بداعتمادی اور دل میں رنجش تھی کہ وہ کئی روز تک اپنے پیاروں کی لاشوں کے ساتھ سراپا احتجاج رہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم بھی دہشت گردی کے زخم خوردہ ہیں، ہم نے بھی اپنے معصوم کارکنوں کی لاشیں اٹھائی ہیں ہم اس دکھ اور کرب کو سمجھتے ہیں، ہمیں تمام تر قانونی چارہ جوئی اور چوٹی کے وکیل کرنے کے باوجود انصاف نہیں ملا اور 6 سال سے انصاف اور غیر جانبدار تفتیش کا حق مانگ رہے ہیں اور کوئی ہماری بات نہیں سن رہا، اس نظام میں انصاف کے سوا باقی سب کچھ موجود ہے، یہاں کمزور اور غریب کا کوئی پرسان حال نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران ہمارے ساتھ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کو انصاف دلوانے کے لیے احتجاج میں شریک رہے ہیں، مگر اس کے باوجود کہ وہ آج اقتدار میں ہیں مگر سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کو انصاف نہیں ملا۔

انہوں نے کہا کہ خدا جانے انصاف کے راستے میں کون رکاوٹ ہے؟ انہوں نے کہا کہ کمزور انصاف نہ ملنے پر لاشیں سڑک پر رکھنے پر مجبور ہو جاتا ہے، ہزارہ برادری بھی دہشت گردی کی زخم خوردہ ہے، وہ مجبوراً اپنے پیاروں کی لاشیں سڑک پر رکھنے پر مجبور ہوئے، انہوں نے کہا کہ کیا یہ نظام انصاف صرف کمزور کا تماشا دیکھنے کے لیے ہے؟

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top