ہر بچے کو تعلیم دینا ریاست کی آئینی ذمہ داری ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

فرقہ واریت اور انتہا پسندی کے خاتمہ کیلئے نوجوانوں کو دینی و عصری تعلیم دی جائے
تعلیم یافتہ، باکردار نوجوان پاکستان اور عالم اسلام کا تابناک مستقبل ہیں
چیئرمین سپریم کونسل کا ونٹر سٹڈی کیمپ کی اختتامی تقریب سے خطاب
مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام گلگت بلتستان اور بلوچستان کے 70 سے زائد طلبہ کی کیمپ میں شرکت

لاہور (یکم فروری 2021) چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ ہر بچے کو تعلیم دینا ریاست کی آئینی ذمہ داری ہے۔ فرقہ واریت اور انتہا پسندی کے خاتمہ کیلئے نوجوانوں کو دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ عصری تعلیم بھی دی جائے۔ تعلیم یافتہ، باکردار نوجوان پاکستان اور عالم اسلام کا تابناک مستقبل ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیر اہتمام گلگت بلتستان اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طلبہ کیلئے ایک ماہ دورانیہ کے ونٹر سٹڈی و تربیتی کیمپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کیمپ میں 70 سے زائد طلباء نے شرکت کی۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن تعلیم و امن کے فروغ کیلئے اسلام کا پر امن تشخص اجاگر کرنے کی تحریک ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری فرقہ واریت کے خاتمے، انصاف اور عدل کے قیام سے ملک کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔ گلگت بلتستا ن کے طلباء اور عوام محب وطن، با صلاحیت، علم اور امن دوست ہیں۔ جہالت ختم ہوگی تو انتہا پسندی، فرقہ واریت اور دہشتگردی کا خاتمہ ہو گا۔

تعلیم زندہ قوموں اور مہذب معاشرے کی بالادستی و عظمت کی علامت ہے۔ تعلیم یافتہ معاشرہ کی پہچان صبر، انکساری، شکرگزاری، خوف خدا اور عزم و استقلال جیسی اہم ترین عادات ہیں۔ تعلیم یافتہ معاشرہ ہی باحوصلہ، باہمت اور انسانی اقدار کا سچا علمبردار مانا جاتا ہے۔ علم کمزور ترین معاشرے کو طاقتور بنانے میں مثبت اور بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ تعلیم کا اصل مقصد یہی ہے کہ پاکیزہ اور صالح افکار سے ایک ایسے مثالی معاشرے کی تشکیل عمل میں آئے جس میں ہمدردی، غم گساری اور خیر سگالی کے جذبات ہوں۔

ہم نے ایک زندہ اور طاقتور قوم بننا ہے تو دینی و دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ سائنس و ٹیکنالوجی کے علوم میں بھی ترقی حاصل کرنا ہو گی۔ جنت نظیر وادیوں سے تعلق رکھنے والے ہونہار طلبہ کو تعلیم و تربیت دینے کے استعداد کار میں مزید اضافہ کر رہے ہیں۔

اختتامی تقریب سے مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ عرفان یوسف، نائب صدر چوہدری ضلج انقلابی، سیکرٹری جنرل فرحان عزیز، حسن علی، راجہ عطاء المصطفیٰ، حسین علی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ گلگت بلتستان کے طلبہ نے اپنے خطابات میں کہا کہ منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں میں دینی و دنیاوی تعلیم کا مثالی ماحول موجود ہے۔ گلگت بلتستان کے طلبہ اور عوام اسلام کا پر امن چہرہ پیش کرنے پر ڈاکٹر طاہرالقادری کے معترف اور شکر گزار ہیں۔ سٹڈی کیمپ کی اختتامی تقریب میں گلگت بلتستان اور بلوچستان کے طلبہ کو سرٹیفکیٹس اور شیلڈز دی گئیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top