اسلام احترام انسانیت کا دین ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

مورخہ: 02 مارچ 2021ء

سفید پوش اور ضرورت مند بھائی کی مدد کرنا بھی انسانیت کا احترام ہے: چیئرمین سپریم کونسل
منہاج القرآن کے شعبہ ریسورسز اینڈ ڈویلپمنٹ کے زیراہتمام کاروباری شخصیات کے اعزاز میں تقریب سے خطاب
اسلام میں چیرٹی کو بڑا بلند مقام حاصل ہے، حاجی امین القادری
ڈائریکٹر ریسورسز اینڈ ڈویلپمنٹ محمد شاہد لطیف نے شرکاء کو منہاج القرآن کے فلاحی منصوبہ جات کے حوالے سے بریفنگ دی

Dr Hassan Mohi ud Din Qadri

لاہور (02 مارچ 2021) تحریک منہاج القرآن کے شعبہ ریسورسز اینڈ ڈویلپمنٹ کے زیراہتمام ملک کے معروف تاجروں، صنعتکاروں اور کاروباری شخصیات کے اعزاز میں مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر شعبہ ریسورسز اینڈ ڈویلپمنٹ کی طرف سے انسانی خدمت کے شعبہ میں مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے تاجروں، صنعتکاروں، بزنس کمیونٹی کے افراد اور وابستگان کو ایوارڈز دیئے گئے۔ تقریب میں چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور شیخ حماد مصطفیٰ المدنی القادری نے خصوصی شرکت کی۔ شعبہ ریسورسز اینڈ ڈویلپمنٹ کے تمام عہدیداران بھی ظہرانے میں موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے وسائل مہیا کرنا اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے نزدیک ایک بہترین عمل ہے۔ دین اسلام انسانیت کے ساتھ پیار و محبت کا درس دیتا ہے۔ دین اسلام نے خدمت انسانیت کو بہترین اخلاق اور عظیم عبادت قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت مندوں اور مستحقین کی ضروریات پوری کرنا صاحب حیثیت افراد کیلئے واجبات میں سے ہے۔ چیئرمین سپریم کونسل نے مزید کہا کہ دین اسلام انسانیت کے احترام کا دین ہے، کسی سفید پوش اور ضرورت مند بھائی کی مدد کرنا بھی انسانیت کا احترام ہی ہے، اگرچہ بنیادی مسائل حل کرنا ریاستوں کی ذمہ داری ہے تاہم اسلامی نظام حیات میں صاحب حیثیت افراد خدمت اور مدد کی ذمہ داری سے کبھی پہلو تہی نہیں کرتے۔ اللہ کریم اس بات کو پسند کرتا ہے کہ معاشرے کے ضرورت مند اور مستحق افراد کی مدد ان کے وہ بھائی کریں جن کو اللہ نے اپنے فضل سے نوازا ہے تاکہ انسانوں کے درمیان باہمی الفت و محبت کے رشتے بھی استوار ہوں اور دینے والوں کو اللہ کی رضا اور گناہوں کی بخشش بھی حاصل ہو۔

ڈائریکٹر ریسورسز اینڈ ڈویلپمنٹ محمد شاہد لطیف نے تاجروں، صنعتکاروں، تنظیمات کے ذمہ دارن اور شرکائے تقریب کو منہاج القرآن سیکرٹریٹ میں خوش آمدید کہتے ہوئے منہاج القرآن تعلیمی، فلاحی منصوبہ جات کے بارے میں بریفنگ دی۔ محمد شاہد لطیف نے لاہور، کراچی، سیالکوٹ میں قائم آغوش آرفن کیئر ہومز سمیت تحریک منہاج القرآن کے دکھی انسانیت کی فلاح کیلئے جاری منصوبہ جات کی تفصیلات سے کاروباری شخصیات کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن ہر سال سینکڑوں خاندانوں کے بچوں اور بچیوں کو کروڑوں روپے کے تعلیمی وظائف دینے کے ساتھ ساتھ صاف پانی کی فراہمی اور مستحقین کو پاؤں پر کھڑا کرنے کے پروگرام چلا رہی ہے، غریب اور مستحق بچیوں کی شادیوں کی اجتماعی تقاریب اور غریب اور یتیم بچوں کی کفالت اور تعلیم و تربیت کی فراہمی منہاج القرآن کے فلاحی منصوبہ جات میں شامل ہیں۔ شاہد لطیف نے شعبہ ریسورسز اینڈ ڈویلپمنٹ کی کارکردگی کے حوالے سے بھی شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی۔

ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ریسورسز اینڈ ڈویلپمنٹ حاجی محمد امین القادری نے کہا کہ اسلام میں چیرٹی کو بڑا بلند مقام حاصل ہے، کمزوروں کی مدد کرنا صاحب حیثیت افراد پر واجب ہے، الحمدللہ تحریک منہاج القرآن تجدید دین، اصلاح احوال کے ساتھ ساتھ دکھی انسانیت کی خدمت میں بھی پیش پیش ہے۔

وائس چیئرمین ریسورسز اینڈ ڈویلپمنٹ رانا محمد شکیل نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ تقریب میں شریک معروف تاجر و صنعتکار رہنماؤں سیٹھ افتخار، حاجی محمد سلیم بٹ قادری، سجاد خان، کامران مغل، محمد علی، حافظ بشیر احمد جنجوعہ، افضال شاہد، حاجی شیخ محمد حنیف، شیخ شوکت علی، شیخ اویس طاہر، احمد بلال، طلعت صمیم، محمد رزاق، محمد شفیق، طارق محمود، خالد محمود و دیگر کو چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ایوارڈز دیئے۔ شعبہ ریسورسز اینڈ ڈویلپمنٹ کے عہدیداران نصر اللہ خان، ملک شمیم نمبردار، آصف سلہریا ایڈووکیٹ، چوہدری افضل گجر و دیگر بھی تقریب میں موجود تھے۔

تقریب کے اختتام پر قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 70 ویں سالگرہ کے حوالے سے کیک کاٹا گیا اور ان کی صحت و درازی عمر کیلئے دعا بھی کی گئی۔

Dr Hassan Mohi ud Din Qadri

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top