قائد ڈے کی مناسبت سے ملتان میں ’سفیرِ امن سیمینار‘ کا انعقاد

بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 70ویں سالگرہ کی تقریبات دنیا بھر میں موجود تحریک منہاج القرآن کی تنظیمات جوش و خروش کے ساتھ منا رہی ہیں۔ یہ دن تحریک منہاج القرآن کے رفقاء و وابستگان کے لیے یومِ تشکر اور تجدیدِ عہدِ وفا کا دن ہے۔ قائد ڈے کے اس پرمسرت موقع پر کارکنان اپنے اپنے انداز میں شیخ الاسلام سے محبت، تعلق اور نسبت کا اظہار کرتے ہیں۔ اس سلسلے میں تحریک منہاج القرآن ملتان کے زیر اہتمام 24 فروری 2021ء کو ’سفیرِ امن سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کے مہمانِ خصوصی تحریک منہاج القرآن کے مرکزی ناظمِ اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور تھے، جبکہ دیگر شرکاء میں مرکزی نائب ناظم اعلیٰ سردار شاکر مزاری، پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے قائم مقام صدر میاں نور احمد سہو، تحریک منہاج القرآن ضلع ملتان کے صدر یاسر ارشاد دیوان، معروف صحافی اکمل وینس، راؤ محمد عارف رضوی، منہاج القرآن ویمن لیگ ضلع ملتان کی صدر ہما اسماعیل، پروفیسر اسحاق ساقی، ڈاکٹر زبیر اے خان، زمان خان اعوان، میجر اقبال چغتائی، خالد سلطانی، نشاط احمد باجوہ ایڈووکیٹ، مخدوم شہباز ہاشمی، ڈاکٹر خالد محمود، چوہدری مشتاق سندھو، احمد قریشی، انجینئر جواد صادق، رائے رمضان ایڈووکیٹ، غلام حسین کھوکھر، قاری لیاقت حسین، شاہد ہاشمی اور سجاد نقشبندی سمیت خواتین و حضرات کی بڑی تعداد شریک تھی۔

سیمینار کا آغاز تلاوتِ کلامِ مجید اور نعتِ رسول مقبول ﷺ سے ہوا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ مدارس کے نصاب کو دورجدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے نئے وفاق اور بورڈ وقت کی ضرورت تھی۔آج مدارس میں دینی تعلیم کے ساتھ جدید سائنسی علوم اور عربی انگلش بول چال سکھانا انتہائی ضروری ہے۔ دنیا بھر میں منہاج القرآ ن سے وابستہ تعلیمی ادارے جدید اورقدیم علوم کا حسین امتزاج ہیں۔ دینی تعلیم میں انقلاب برپا کرنے کیلئے نظام المدارس کا قیام ڈاکٹر طاہرالقادری کا ایک اورعظیم علمی کارنامہ ہے جس سے آئندہ آنے والی نسلیں مستفید ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ نئے وفاق اوربورڈ رجسٹر ہونے سے دین کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ خطرہ صرف ان مذہبی ٹھیکیداروں کو ہے جنہوں نے مسالک کے نام پر مسلمانوں پر تحقیق کے دروازے بند کئے ہوئے ہیں۔ نئے وفاق قائم ہونے سے دینی مدارس میں تعلیم کا معیار بہتر ہوگا اور مدارس کے طلباء دنیا بھر میں دیگر تعلیمی اداروں کے ہم پلہ تصور کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے اپنی پوری زندگی اس قوم اوراپنے پیارے نبی کی امت کی خدمت میں گزاری ہے اور ہمیشہ انکی علمی رہنمائی کی ہے۔

صوبائی پارلیمانی سیکرٹری ندیم قریشی نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے دہشت گردی کے خاتمے اورفروغ امن کیلئے جو کردار ادا کیا وہ دیگر علماء کیلئے بھی قابل تقلید ہے۔ انہوں نے عالمی سطح پر اسلام کے پیغام امن و سلامتی کو عام کرنے کیلئے جو علمی خدمات انجام دیں وہ قابل تحسین ہیں۔

معروف دانشور پروفیسر ڈاکٹر محمد حسین آزاد نے کہا کہ شیخ الاسلام نے نوجوانوں کو خرافات سے نکال کر سچا مسلمان بنایا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے نوجوانوں کو محبت رسول کے جام پلا کر انکی اخلاقی و روحانی تربیت کی ہے۔

مرکزی نائب ناظم اعلیٰ سردار شاکر مزاری نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے علم وتحقیق کا ایک جہان آباد کیا ہے جس سے اپنے پرائے سب مستفید ہورہے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے قائم مقام صدر میاں نور احمد سہو نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے قوم کو شعور دینے کیلئے جو تعلیمی منصوبہ شروع کیا اس کی مثال ملنا مشکل ہے۔ سمینار سے یاسر ارشاد دیوان، معروف صحافی اکمل وینس، راؤ محمد عارف رضوی، ہما اسماعیل اور پروفیسر اسحاق ساقی نے بھی خطاب کیا۔

تقریب کے اختتام پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور آپ کی صحت و سلامتی و درازئ عمر کے لیے دعا کی گئی۔

رپورٹ: راؤ محمد عارف رضوی (مرکزی میڈیا کوارڈینیٹر برائے جنوبی پنجاب)

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top