قرآن مجید امت کے اتحاد کی بنیاد ہے: رانا نفیس حسین

درس عرفان القرآن کا دائرہ مزید بڑھایا جائے گا: صدر لاہور منہاج القرآن
منہاج القرآن علم و امن کے فروغ کی تحریک ہے: اجلاس سے خطاب

منہاج القرآن لاہور کے عہدیداران کا اجلاس

لاہور (2 ستمبر 2021ء) تحریک منہاج القرآن لاہور کی ضلعی تنظیمات کا اجلاس صدر تحریک منہاج القرآن لاہور رانا نفیس حسین قادری کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں جملہ فورمز کے صدور، ناظمین و دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں تنظیم کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ کے اہداف و لائحہ عمل بھی مرتب کیا گیا۔ اجلاس میں تحریک منہاج القرآن لاہور کے تحت جاری دروس عرفان القرآن اور لاہور میں قائم حلقہ درود کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

تحریک منہاج القرآن لاہور کے صدر رانا نفیس حسین قادری نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے کارکنان امن کے سفیر ہیں۔ منہاج القرآن سے تعلق رکھنے والا کوئی کارکن انتہا پسندی، فرقہ واریت، کسی قسم کی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا مرتکب نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید ایک ایسا ضابطہ حیات ہے جس کی بنیاد پر امت واحدہ کی تشکیل کے خواب کو تعبیر مل سکتی ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے قرآنی علوم و فنون کے فروغ اور نوجوانوں میں علم و کردار کی پختگی لانے کے لیے منہاج القرآن کی بنیاد رکھی۔

اجلاس میں سینئر نائب صدر لاہور پروفیسر ذوالفقار علی، ناظم لاہور اشتیاق حنیف مغل، حاجی محمد حنیف قادری، محمد اصغر ساجد، محمد انور قادری، جاوید مصطفی، علامہ غلام شبیر جامی، محمد اسلام، ڈاکٹر محمد قاسم، قاری ظفر اقبال، قمر اقبال، خلیل احمد چودھری، فاروق طاہر، حافظ ریاض عثمانی سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

صدر لاہور رانا نفیس حسین نے لاہور کی ضلعی تنظیمات کو خوش آمدید کہا اور تمام احباب کو ذمہ داریاں ملنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ناظم لاہور اشتیاق حنیف مغل نے لاہور کی ورکنگ کے حوالہ سے ہاؤس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں سابقہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ کی ورکنگ کا لائحہ عمل پیش کیا گیا۔ لاہور میں تحریک منہاج القرآن کی دعوت، حلقہ درود اور ممبر شپ کے کام کو مزید تیز کرنے اور یوسی سطح تک تنظیمات مکمل کرنے پر زور دیا گیا۔ اجلاس کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top