منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ضیافت میلاد، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کھانا تقسیم کیا

ولادت پاک کا جشن منانا بہت بڑی سعادت ہے: چیئرمین ایم کیو آئی
ڈائریکٹر ویلفیئر سید امجد علی شاہ کی فلاحی منصوبہ جات کے بارے میں گفتگو

لاہور (15 اکتوبر 2021ء) ماہ ربیع الاول میں تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہور میں ضیافت میلاد کا سلسلہ جاری ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ہونیوالی محفل میلاد مصطفی ﷺ اور ضیافت میلاد کی تقریب میں چیئرمین سپریم کونسل تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی۔ معروف ثنا خوان مصطفی ﷺ شہزاد برادران نے وجہ تخلیق کائنات حضور اکرم ﷺ کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔

ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سید امجد علی شاہ نے ضیافت میلاد میں شریک شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے ماہ ربیع الاول کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ انسانیت کی خدمت حضور نبی اکرم ﷺ کی سنت مبارکہ ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن مستحقین میں راشن کی تقسیم، ذہین طلبہ کو مالی وظائف دینے کے ساتھ ساتھ یتیم بچوں کی پرورش اور تعلیم و تربیت میں پیش پیش ہے۔

چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ضیافت میلاد میں شریک حاضرین میں کھانا خود تقسیم کیا۔ انہوں نے کہا کہ ولادت مصطفی ﷺ کائنات کی سب سے بڑی نعمت اور خوشی ہے جس کو شاندار انداز سے منانا ایمان کی نشانی ہے۔ ہم سب کو اللہ کریم کا شکر ادا کرنا چاہیے جس نے ہمیں حضور اکرم ﷺ کے میلاد کا مقدس ماہ نصیب کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس ماہ مبارکہ میں ہمیں زیادہ سے زیادہ سعادتیں سمیٹنا ہوں گی۔

انہوں نے ضیافت میلاد اور محفل میلاد مصطفی ﷺ کا اہتمام کرنے والے فورمز، ڈیپارٹمنٹس کو مبارکباد دی اور کہا کہ آقا ﷺ کے میلاد کا جشن منانا بہت بڑی سعادت ہے۔ انہوں نے شرکائے ضیافت سے کہا کہ 18 اکتوبر کی شب مینار پاکستان پر منعقدہ عالمی میلاد کانفرنس میں بھرپور شرکت کی جائے۔ ضیافت میلاد کی تقریب میں حاجی محمد اسلم، نواز رانا، مدثر حسین، بلال شریف، تاجر رہنما شیخ علی رضا ٹائیگر، چیئرمین شہریان لاہور محمد شفیق قادری، جی ایم ملک، راجہ زاہد محمود، جواد حامد، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، سید مشرف شاہ، اشتیاق حنیف مغل، حاجی منظور حسین، قاری ریاست، سدرہ کرامت، ام حبیبہ اسماعیل، نورین علوی سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top