کسی شہری کی جان لینے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں: علامہ میر آصف اکبر قادری

علامہ میر آصف اکبر قادری نے خانیوال (تلمبہ) واقعہ کی شدید مذمت

Allama Mir Asif Akbar statement on Khanewal incident

لاہور (15 فروری 2022) نظام المدارس پاکستان کے ناظم اعلیٰ علامہ میر آصف اکبر قادری نے کہا ہے کہ کسی شہری کی جان لینے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ خانیوال (تلمبہ) واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ کسی فرد یا گروہ کی جانب سے قانون ہاتھ میں لینا جرم ہے۔ مذہب کے نام پر فساد فی الارض کی کوئی گنجائش نہیں۔ قانون میں ہر جرم کی سزا موجود ہے اس لئے قانون ہاتھ میں لینے والوں کے ساتھ ریاست کو سختی سے نمٹنا ہو گا۔ اسلام امن کا دین ہے، اس میں ظلم کی کوئی گنجائش نہیں۔ خانیوال جیسے واقعات ہمارے معاشرے پر بدنما داغ ہیں، یہ عمل کسی طور پر بھی درست نہیں کہ الزام لگانے والے خود ہی سزا دیں۔ اگر کسی نے جرم کیا ہے تو سزا کیلئے عدالتیں اور ادارے موجود ہیں۔ ریاست اورحکومت کو اپنی ذمہ داری پوری کرنی چاہیے۔ کسی بھی فرد کو اس طرح سزا دینے کا حق اسلام نے نہیں دیا۔ معاشرے کو پر امن اور محفوظ بنانے کیلئے قانون کی عملداری انتہائی ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن علما کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

علامہ میر آصف اکبر قادری نے کہا کہ توہین مذہب کے نام پر اگر ہر شخص خود ہی سزا دینے لگے تو اس سے معاشرے کا امن تباہ ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خانیوال میں تشدد کرنے والے ہجوم نے اسلام اور پاکستان دونوں کو بدنام کیا ہے۔ اسلام امن، سلامتی، محبت اور رواداری کا دین ہے اور خاتم النبین حضور اکرم ﷺ رحمۃ للعالمین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خانیوال میں تشدد کرنے والے گروہ نے نہ تو اسلام کی خدمت کی اور نہ ہی پاکستان کی خدمت کی ہے بلکہ حضور اکرم ﷺ کے احکامات اور سیرت طیبہ کی خلاف ورزی کی ہے۔

علامہ میرآصف اکبر قادری نے خانیوال واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لاکر سخت ترین قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ اجلاس میں علامہ غلام اصغر صدیقی، مفتی خلیل حنفی، علامہ عثمان سیالوی، علامہ محمد رفیق رندھاوا، علامہ لطیف مدنی و دیگر بھی موجود تھے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top