منہاج بکس ڈاٹ کوم کی افتتاحی تقریب

www.MinhajBooks.com

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ پر منہاج انٹرنیٹ بیورو میں مؤرخہ 9 اپریل 2007ء بروز سوموار منہاج بکس ڈاٹ کوم کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی۔ اس تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر منہاج انٹرنیٹ بیورو عبدالستار منہاجین، منیجر ملٹی میڈیا بصیر احمد، کونٹنٹ منیجر صابرحسین اور ویب پروگرامر شہزاد احمد نے شرکت کی۔

صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے اپنی گفتگو میں فرمایا کہ تحریک منہاج القرآن ایک مشن، فکر اور پیغام ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سربراہی میں قائم یہ مشن ایک درخت کی مانند ہے اور تمام شعبہ جات اس کی شاخیں ہیں۔ ہر شاخ کو پانی برابر ملتا ہے۔ منہاج انٹرنیٹ بیورو کو بھی اتنا ہی فیض مل رہا ہے جتنا کہ دوسرے شعبہ جات کو۔ انہوں نے فرمایا کہ منہاج انٹرنیٹ بیورو بین الاقوامی سطح پر تحریک کا پیغام پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ یہ پاکستان سے باہر تمام دنیا کو مرکز سے مربوط کرنے والا شعبہ ہے۔ یہ سب اللہ رب العزت کی عطاء، تاجدارِ کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا تصدق اور حضور شیخ السلام کی دعاؤں کا صدقہ ہے کہ کم وسائل میں اتنے اچھے نتائج حاصل ہو رہے ہیں۔

محترم حسین محی الدین قادری نے مزید فرمایا کہ منہاج بکس ڈاٹ کوم کے ذریعے ان شاء اللہ پوری دنیا میں امت مسلمہ اور غیر مسلموں کو اسلام کے ہر گوشے کے حوالے سے وافر مواد ملے گا اور اس کی مدد سے ہر قسم کے اشکالات دور ہوں گے۔ انہوں نے کہا تحریک منہاج القرآن کی جنگ فرقہ واریت، تنگ نظری، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف ہے۔ تحریک عالمی سطح پر فرقہ واریت کے خاتمہ اور اسلام کے حقیقی تشخص کی بحالی پر محنت کر رہی ہے اور اس قلمی جہاد میں منہاج انٹرنیٹ بیورو کی خدمات نمایاں ہیں۔

ڈپٹی ڈائریکٹر منہاج انٹرنیٹ بیورو عبدالستار منہاجین نے منہاج بکس ڈاٹ کوم کا تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ یہ ویب سائٹ یونیکوڈ میں ہزاروں صفحات پر مشتمل نایاب ذخیرہ فراہم کرتی ہے کیوں کہ انٹرنیٹ کی دنیا میں مطلوبہ مواد کی تلاش صرف اِسی صورت میں ممکن ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ تصویری روپ میں بھی مواد فراہم کرتی ہے تاکہ استعمال کنندگان اپنی حسب منشاء و ذوق کسی بھی شکل میں کتب کا مطالعہ کر سکیں۔ سردست یہاں 21,000 سے زائد صفحات پر مبنی 128 کتب تصویری و تحریری روپ میں شائع کی گئی ہیں، جن میں ان شاء اللہ وقت کے ساتھ ساتھ مسلسل اضافہ ہوتا رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کہ تحریک منہاج القرآن علمی و فکری میدان کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی بروئے کار لانے میں بھی رہنما کی حیثیت رکھتی، اور آج سے بارہ سال قبل جب پاکستان میں انٹرنیٹ کا آغاز ہوا تو یہ پاکستان کی سب سے پہلی اسلامی تحریک تھی جس نے اپنی ویب سائٹ قائم کی اور اپنی سرگرمیاں شائع کرنے کے علاوہ اسلام مخالف پراپیگنڈے کا جواب دینے کی بنیاد رکھی۔ مگر حاسدین کو یہ روش پسند نہ آئی اور انہوں نے تحریک منہاج القرآن اور شیخ الاسلام کے خلاف اپنے مذموم مقاصد کا اظہار کرنے کے لیے بے بنیاد پراپیگنڈا کیا اور حضرت شیخ الاسلام کی علمی حیثیت کو چیلنج کرتے ہوئے انٹرنیٹ پر مختلف ویب سائٹس اور ڈسکشن فورمز پر کیچڑ اچھالا۔

انہوں نے کہا کہ اس ویب سائٹ کے ذریعے اہل علم اور عامۃ الناس تک حضور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے افکار و نظریات اور تعلیمات ہزاروں صفحات پر مشتمل اس ڈیجیٹل لائبریری کی صورت میں پیش خدمت ہیں۔ جہاں دنیا بھر کے متلاشیانِ علم مختلف موضوعات پر سیر حاصل مواد تلاش کر سکتے ہیں۔ اب انٹرنیٹ کے استعمال کنندگان کو چاہیے کہ نہ صرف خود حضور شیخ الاسلام کی کتب کا مطالعہ کریں اور دوستوں کو مطالعہ کی دعوت دیں بلکہ اسلام و بانئ اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ آلہ وسلم پر کیے جانے والے اعتراضات کا مدلل جواب دینے کے لیے حسبِ ضرورت دوسری ویب سائٹس اور ڈسکشن فورمز پر مواد نقل بھی کریں تاکہ اس مشن کا نور چہار دانگ عالم میں ہر سو پھیلے۔

بعد ازاں فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے منہاج انٹرنیٹ بیورو کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ان کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔ عشائیہ کے بعد ڈپٹی ڈائریکٹر ریسرچ محمد فاروق رانا نے منہاج انٹرنیٹ بیورو کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ FMRi کے زیر اہتمام حضور شیخ الاسلام کی شائع ہونے والی کتب کی آن لائن اشاعت ایک گراں قدر خدمت ہے۔ منہاج انٹرنیٹ بیورو نے عرفان القرآن کی آن لائن اشاعت کے ٹھیک ایک سال بعد ایک اور عظیم کارنامہ سرانجام دے کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ انٹرنیٹ پر اردو زبان میں خدمتِ دین کے سلسلہ میں انہیں ایک رہنما کی حیثیت حاصل ہے۔ تحریک منہاج القرآن عمل پر یقین رکھتی ہے اور زمینی و برقی ہر سطح پر اِسلام کی ترویج و اِشاعت میں مصروفِ عمل ہے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنے دین کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ (آمین بجاہ سید المرسلین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم)

آخر میں فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے مکمل اسٹاف نے منہاج انٹرنیٹ بیورو کا شکریہ ادا کیا اور انہیں مبارک باد پیش کی۔ پروگرام کا اِختتام دعائے خیر کے ساتھ ہوا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top