حقوق و فرائض کے بغیر معاشرے جنگل بن جاتے ہیں: علامہ عین الحق

مورخہ: 20 مئی 2022ء

حقوق اللہ ہوں یا حقوق العباد مقصد سوسائٹی کو تہذیب یافتہ بنانا ہے: جامع شیخ الاسلام میں خطاب
شہری کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری اور ریاست سے وفاداری شہری کا فرض اولین ہے

Ain ul Haq baghdadi addressing Jummah gathering

لاہور(20 مئی 2022ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے راہ نما معروف مذہبی سکالر، نظام المدارس پاکستان کے ناظم امتحانات علامہ عین الحق بغدادی نے جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن لاہور میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حقوق و فرائض کی ادائیگی کے نظم کے بغیر معاشرے جنگل بن جاتے ہیں اور جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا باطل قانون رائج ہو جاتا ہے۔ حقوق اللہ ہوں یا حقوق العباد ان کی ادائیگی کا بنیادی مقصد سوسائٹی کو پرامن، خوشحال، پراعتماد اور تہذیب یافتہ بنانا ہے۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ حقوق و فرائض مختلف نوعیت کے ہیں، یہ انفرادی بھی ہیں اور اجتماعی بھی۔ اپنے ہر شہری کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے اورریاست سے وفاداری شہری کا فرض اولین ہے۔ ہر شہری کا یہ حق ہے کہ سانس لینے کے لئے اُسے صاف فضا میسر آئے دوسری طرف فضا کو آلودگی سے بچانا اور ماحول کو صاف ستھرا رکھنا اس کا فرض ہے۔ حقوق و فرائض کی ادائیگی کا یہی توازن انسانی معاشروں کو جنت نظیر بناتا ہے۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ رب العزت نے کائنات کو ایک نظم اور توازن کے ساتھ تشکیل و ترتیب دیا ہے۔ اجرام فلکی کا نظام ایک الوہی نظم کے تحت دن رات روبہ عمل ہے۔ ہمیں سائنسی توجیہات خبردار کرتی ہیں کہ اگر کوئی سیارہ اپنے مدار سے ہٹ جائے تو دنیا خوفناک تباہی کی لپیٹ میں آجائے گی۔ اسی طرح انسانی معاشروں کی بقاء اور تحفظ کے لئے حقوق و فرائض کا ایک جامع چارٹر دیا گیا ہے تاکہ سوسائٹی اعتدال اور توازن کے ساتھ قائم و دائم رہے اور اس کے اندر انسانی حیات باوقار انداز کے ساتھ نمو پا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج ہم جس انتشار، فساد اور خلفشار کا شکار ہیں اس کی بنیادی وجہ حقوق و فرائض کی ادائیگی کے باب میں بے اعتدالی اور عدم توازن۔ جب ہر شخص اپنی ذمہ داریوں اور اپنے فرائض سے آگاہ ہو گا تو پھر سوسائٹی میں امن ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ قرآن اور صاحب قرآن نے حقوق و فرائض کی ادائیگی کے ذریعے انسان اور انسانی معاشرہ کو تہذہب و شائستگی کا گہوارہ بنانے کی تعلیمات دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے بنیادی انسانی حقوق اور عزت نفس محفوظ رہے، شخصی آزادیوں کا تحفظ ہو، قانون اور میرٹ کی حکمرانی قائم ہو تو ہمیں حقوق و فرائض کی ادائیگی پر کاربند ہونا ہو گا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top