ہوٹل ایسوی ایشن کالام کے صدر کی خرم نواز گنڈاپور سے ٹیلی فون پر گفتگو

مورخہ: 29 اگست 2022ء

کالام کے ہوٹلوں میں ٹھہرے ہوئے سیاح اب ہمارے کلائنٹ نہیں مہمان ہیں: ملک عبدالودود
اللہ رب العزت متاثرہ خاندانوں کی مدد اور اس آفت سے نجات دے: خرم نواز گنڈاپور

kalam-Hotels-Association

لاہور (29 اگست 2022ء) صدر ہوٹل ایسوی ایشن کالام ڈاکٹر عبد الودود ملک نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہوٹل ایسوی ایشن کالام نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے سیاح جو موجودہ سیلاب کی وجہ سے یہاں رکے ہوئے ہیں اب وہ ہمارے کلائنٹ نہیں، ہمارے مہمان ہیں اور پختونخواہ روایات کے مطابق ہم انہیں مہمانوں کی طرح ڈیل کررہے ہیں۔ جب تک سیلاب اور بارشوں کی قدرتی آفت تھم نہیں جاتی اور راستے بحال نہیں ہوجاتے انہیں مفت رہائش اور کھانا دیا جائے گا۔

بطور صدر ہوٹل ایسوی ایشن یہ ہدایات تمام چھوٹے بڑے ہوٹل مالکان کو جاری کردی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کالام میں اپنی مدد آپ کے تحت نکاسی آب اور بحالی کے اقدامات شروع کر دئیے ہیں، ان شاء اللہ ایک ہفتے کے اندر یہ بحالی آپریشن مکمل کر لیں گے۔ خرم نواز گنڈاپور نے ڈاکٹر عبد الودود ملک کے اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ اسلام ہمیں تعلیم دیتا ہے کہ مشکل کی گھڑی میں دکھی انسانیت اور مسافروں کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آیا جائے۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہاکہ ہم دعا گو ہیں کہ اللہ رب العزت ہمارے متاثرہ بھائیوں کو اس آفت سے جلد سے جلد نجات دے اور کاروبار زندگی بحال ہو۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top