منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے 5 مراحل میں امدادی سرگرمیوں کی فراہمی کا پلان مرتب کر رکھا ہے

29 جولائی کو سیلاب سے ممکنہ تباہی کے حوالے سے مانیٹرنگ و سروے شروع کر دیا تھا
سندھ اور جنوبی پنجاب میں امدادی سرگرمیوں کیلئے خانیوال کو ہیڈ کوارٹر بنایا گیا ہے
جیسے جیسے وسائل مہیا ہوں گے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی امدادی سرگرمیوں کا دائرہ کار بڑھتا جائے گا
ایم ڈبلیو ایف فلڈ ریلیف 2022ء کے کوآرڈینیٹر انجینئر محمد ثناء اللہ کی مرکزی سیکرٹریٹ میں بریفنگ

Minhaj Welfare Foundation flood relief affectees

لاہور (9 ستمبر 2022ء) منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے فلڈ ریلیف 2022ء کے کوآرڈینیٹر انجینئر محمد ثناء اللہ نے مرکزی سیکرٹریٹ میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 9 ستمبر کو شکار پور، جیکب آباد، لاڑکانہ، گھوٹکی، کشمور، ڈیرہ اللہ یاربلوچستان میں ہزاروں خاندانوں میں راشن بیگز تقسیم کئے گئے اور پاک فوج کی سروے ٹیمز کے ہمراہ شہداد کوٹ میں راشن بیگز اور ہائی جین کٹس، خیمے اور دیگر اشیائے ضروریہ کی تقسیم شروع کر دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب اور سندھ میں فلڈ ریلیف سرگرمیوں کے لئے خانیوال کو ہیڈ کوارٹر بنایا گیا ہے تاکہ کم وقت میں سندھ اور جنوبی پنجاب میں اس امدادی سرگرمیاں جاری رکھی جا سکیں۔

انجینئر محمد ثناء اللہ نے مزید تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن پاکستان کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سب سے پہلے موبائل میڈیکل یونٹ بمعہ طبی عملہ و ادویات بھیجنے کا اعزاز حاصل ہے۔ موبائل طبی یونٹ جنوبی پنجاب میں ضلع راجن پور کی تحصیل فاضل پور میں قائم خیمہ بستی میں طبی سہولیات فراہم کررہا ہے۔ روزانہ دو سے تین سو مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولت میسر ہے۔ یکم ستمبر سے اب تک روجھان، راجن پور، فاضل پور، جام پور، تونسہ شریف میں سوکڑ، ٹبی قیصرانی میں ایک ہفتہ میں 25 سو سے زائد مریضوں کا علاج کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے 29 جولائی کو سیلاب سے ممکنہ تباہی کے حوالے سے مانیٹرنگ اور سروے شروع کر دیا تھا اور اسی پیشگی تیاری کی وجہ سے ہم سب سے پہلے متاثرین کو کھانا اور راشن بیگ فراہم کرنے کے ساتھ خیمہ بستی قائم کرنے میں کامیاب ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے 5 مراحل میں امدادی سرگرمیوں کی فراہمی کا پلان مرتب کر رکھا ہے۔ پہلے مرحلے میں متاثرین کو پکا ہوا کھانا فراہم کرنا۔ دوسرے مرحلہ میں راشن بیگز کی فراہمی، تیسرے مرحلے میں خیمہ بستیوں کا قیام، چوتھے مرحلے میں متاثرہ علاقوں میں عارضی سکولوں کا قیام اور آخری مرحلے میں متاثرین کو ان کے گھروں کی تعمیر نو کے لئے مدد فراہم کرنا شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے وسائل مہیا ہوتے چلے جائیں گے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن امدادی سرگرمیوں کا دائرہ کار بڑھاتی چلی جائے گی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top