مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کا 28واں یوم تاسیس ملک بھر میں جوش و خروش سے منایا گیا

منہاج القرآن سیکرٹریٹ میں مرکزی تقریب منعقد کی گئی، مختلف کالجز کے طلباء کی بڑی تعداد میں شرکت
ایم ایس ایم ایک طلبہ تنظیم ہی نہیں بلکہ نئی نسل کی تربیت کا بہت بڑا پلیٹ فارم بھی ہے: خرم نواز گنڈاپور
طلباء کی اولین ترجیح کتاب سے دوستی ہونا چاہیے: ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن
ملک کی تعمیر وترقی، استحکام و خوشحالی میں طلباء کا کردار ناگزیر ہے: عرفان یوسف

Mustafavi Students Movement Foundation Day 2022

لاہور (6 اکتوبر 2022) مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کا 28 واں یوم تاسیس ملک بھر میں انتہائی جوش و خروش سے منایا گیا۔ آزاد کشمیر گلگت بلتستان سمیت ملک کے چاروں صوبوں کے تمام اضلاع میں یوم تاسیس کے حوالے سے تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ مرکزی تقریب منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی۔ ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور، مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ چوہدری عرفان یوسف سمیت مرکزی، صوبائی و ضلعی عہدیداران تقریب میں موجود تھے۔ یوم تاسیس کی تقریب میں ضلع لاہور کے مختلف کالجز، یونیورسٹیز کے طلبا نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے 28 ویں یوم تاسیس پر مرکزی صدر عرفان یوسف اور ان کی پوری ٹیم اور تنظیم کو مبارک باد دیتا ہوں، بلاشبہ یہ ایک اہم اور تاریخی موقع ہے۔ طلباء کی اولین ترجیح کتاب سے دوستی ہونا چاہیے جو اس رشتے کو مضبوط کر لیتے ہیں وہی ملک و قوم کیلئے تعمیری کردار ادا کر سکتے ہیں۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ ایک طلبہ تنظیم ہی نہیں بلکہ نئی نسل کی تربیت کا ایک بہت بڑا پلیٹ فارم بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کا بطور تنظیم 28 سال قبل بیج بونے والے اور اس بیج کو تن آور درخت میں تبدیل کرنے والی ایم ایس ایم کی سابقہ اور موجودہ قیادت اور اس کے عظیم کارکنان سبھی مبارک باد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے نوجوان شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی امن، محبت اور رواداری کی تعلیمات پر عمل پیرا ہیں۔

خرم نواز گنڈا پور نے منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں یوم تاسیس کی تقریب میں شرکت کرنے والے مختلف کالجز اور یونیورسٹیز کے طلباء رہنماؤں اور کارکنان کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کردار سازی کے جن عظیم مقاصد کے حصول کے لیے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے قیام کی اجازت دی تھی الحمدللہ وہ مقاصد پورے ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ جو علم، طہارت کی راہ پر ہے، عجزو انکساری کا پیکر اور وفا کا استعارہ ہے وہ مصطفوی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ چوہدری عرفان یوسف نے کہا کہ طلباء معاشر ے کا حسن اور ملکوں کا مستقبل ہوتے ہیں۔ کالجوں اور یونیورسٹیوں کا ماحول تعلیم دوست بنانا ہوگا۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ پاکستان کی تمام یونیورسٹیز اور کالجز میں طلباء حقوق، امن، محبت اور فروغ علم کے لئے اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ دراصل طلباء حقوق کی آواز ہے۔ ملک کی نظریاتی سرحدوں کی محافظ ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے نوجوانوں کو عشق رسول ﷺ، ا سلام اور ملک سے محبت سیکھائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تعمیر و ترقی، استحکام و خوشحالی میں طلباء کا کردار ناگزیر ہے۔ پاکستان میں ایجوکیشن ریفارمزپر یقین رکھتے ہیں۔ یکساں نظام تعلیم اور نصاب تعلیم ہی ملک کی ترقی کی شاہراہ پر لاسکتا ہے۔

یوم تاسیس کی تقریب سے سید فراز ہاشمی، حماد مصطفی، اخلاق حسین، صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ لاہور محسن اقبال، ناظم مصطفوی سٹوڈنٹ موومنٹ اسامہ مشتاق سمیت دیگر طلباء رہنماؤں نے خطاب کیا۔ یوم تاسیس کی تقریب میں آل کالجز کونسل مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ لاہور کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر کیک کاٹا گیا اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے دعا کی گئی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top