معروف معالج ڈاکٹر ممتاز الحسن کے ایصال ثواب کے لئے جامع شیخ الاسلام میں دعائیہ محفل کا انعقاد

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خصوصی دعا فرمائی، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی دعائیہ محفل میں شرکت
ڈاکٹر ممتاز الحسن بہترین معالج اور اخلاق حسنہ کا پیکر تھے: ڈاکٹر محمد طاہرالقادری
مرحوم تحریک منہاج القرآن کے دیرینہ رفیق تھے، پوری زندگی نیکیوں پر معمور تھی: قائد تحریک منہاج القرآن
خرم نواز گنڈاپور، جی ایم ملک، رفیق نجم، سید الطاف شاہ گیلانی، راجہ زاہد محمود، نوراللہ صدیقی کی شرکت

کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی

لاہور (19 اکتوبر 2022ء) معروف معالج کنگ ایڈورڈ کالج کے سابق وائس چانسلر، تحریک منہاج القرآن کے دیرینہ رفیق ڈاکٹر ممتاز الحسن کے ایصال ثواب کے لئے دعائیہ تقریب (ختم قل خوانی) کا انعقاد جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن میں انعقاد کیا گیا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خصوصی دعا فرمائی۔

چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور سمیت تحریک منہاج القرآن کے مرکزی، صوبائی، ضلعی رہنماؤں، رفقاء اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ میرا ڈاکٹر ممتاز الحسن (مرحوم) سے تعلق 1980 سے ہے۔ مرحوم بہترین معالج او ر ہمیشہ قوم وملک کی فلاح و بہبود کی فکر کرنے والی شخصیت تھے۔ اخلاق حسنہ کا پیکر جمیل تھے۔ دین اسلام پاکستان اور مخلوق خدا کی خدمت میں ہمہ وقت مصروف عمل رہتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ممتاز الحسن کی پوری زندگی نیکیوں پر معمور تھی۔ ہر شخص کی مشکل میں بروقت کام آنے کی کوشش کیا کرتے تھے۔ ڈاکٹر ممتاز الحسن نے شعبہ طب میں گراں قدر خدمات انجام دی۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند کرے، ان کی بخشش و مغفرت فرمائے اور جملہ پسماندگان کو صبر جمیل دے۔

ایصال ثواب کی محفل میں مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے قرآن خوانی کی گئی۔ ایصال ثواب کی محفل کا آغاز تلاوت قرآن مجید اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا۔ معروف قاری اللہ بخش نقشبندی اور قاری سید خالد حمید کاظمی الازہری نے تلاوت قرآن مجید کی سعادت حاصل کی۔ شکیل احمد طاہر نے بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔

قل خوانی کے ختم میں ڈاکٹر ممتاز الحسن مرحوم کے صاحبزدگان محمد کامران ممتاز، مصطفی ممتاز، بدر ممتاز و دیگر اہلخانہ نے شرکت کی۔ ایصال ثواب کی محفل میں رفیق نجم، جی ایم ملک، سید الطاف شاہ گیلانی، علامہ میر آصف اکبر، نوراللہ صدیقی، راجہ زاہد محمود، سہیل رضا، رانا فاروق، علامہ غلام مرتضی علوی، عرفان یوسف، قاضی فیض الاسلام، سردار عمر دراز، نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ، سرفراز خان، مقصود قادری سمیت رہنماؤں نے شرکت کی۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے دعائیہ محفل کے اختتام پر مرحوم کے درجات کی بلندی اور بخشش و مغفرت کے لئے دعا کی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top