دین اسلام انسانی حقوق کا سب سے بڑا علمبردار ہے: علامہ رانا محمد ادریس

دین اسلام نے اچھی زندگی گزارنے کے تمام اصول فراہم کیے ہیں: نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن
جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن میں جمعتہ المبارک کے اجتماع سے خطاب

Islam is the greatest bearer of human rights - Allama Rana Muhammad Idrees

لاہور (9 دسمبر 2022ء) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے کہا ہے کہ دین اسلام انسانی حقوق کا سب سے بڑا علمبردار ہے۔ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے۔ دین اسلام نے اچھی زندگی گزارنے کے تمام اصول فراہم کیے ہیں۔ اگر ہم صحیح اسلام تعلیمات اور نبی اکرم ﷺ کے احکامات پر عمل کریں تو زندگیوں میں سکون اور آسانی آجائے گی۔ دین اسلام انسانی زندگی کے تمام معاملات اور معمولات کے حوالے سے مکمل رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ حقوق انسانی کی ادائیگی کو اسلام میں اتنی اہمیت دی ہے کہ اگر کسی شخص نے دنیا میں کسی کا حق ادا نہیں کیا تو آخرت میں ادا کرنا ہوگا۔ انسانی جان و مال، عزت و آبرو کی حفاظت انسانی حقوق میں سب سے اہم اور بنیادی حق ہے، اس لیے کہ جان بہت قیمتی اثاثہ ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ نے انسانی جان کا احترام سکھایا ہے۔ ایک انسان کے قتل کو پوری انسانیت کا قتل قرار دیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام نے ہر قسم کے امتیازات، ذات پات، رنگ و جنس اور مال و دولت پر مبنی تعصبات کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا ہے، تمام انسانوں کو ایک دوسرے کے برابر قرار دیا ہے، پڑوسی ایک دوسرے کے حقوق ادا نہ کریں تو محبت، امن و بھائی چارے کی فضا ختم ہوجاتی ہے۔ امیر لوگ غریبوں کے حقوق ادا نہ کریں تو غریبوں کی زندگی فاقہ کشی کا شکار ہوجائے گی، ماں باپ اولاد کے حقوق ادا نہ کریں تو اولادنا فرمان اور والدین کے لئے وبال بن جائے گی۔ اولاد ماں باپ کے حقوق ادا نہ کریں تو بڑھاپے میں سہارا و سکون نہ ملے گا۔ مسلم غیر مسلموں کے حقوق ادا نہ کریں تو دنیا سے امن و سکون جاتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ امن و سکون کو قائم رکھنے کے لئے ضروری ہے کہ تمام انسان ایک دوسرے کے وہ تمام حقوق جو اللہ رب العزت نے لازم کیے ہیں ادا کرتے رہیں۔ یہی دین اسلام کی تعلیم اور محسن انسانیت حضور نبی اکرم ﷺ کا پیغام مقصد بعثت ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top