شہدائے اے پی ایس کی 8ویں برسی: منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں میں دعائیہ تقاریب

16 دسمبر اے پی ایس کے شہدا سے عقیدت اور لواحقین کا غم بانٹنے کا دن ہے: علامہ رانا محمد ادریس
شہدائے اے پی ایس نے پوری قوم کو دہشتگردی کے خلاف متحد کیا: رانا نفیس حسین قادری
پروفیسر ذوالفقار علی، کیپٹن (ر) عبدالمجید، اصغر ساجد، حاجی امجد، طارق الطاف سمیت رہنماؤں کی شرکت

Prayer Ceremony for APS Martyers 2022

لاہور (16 دسمبر 2022ء) آرمی پبلک سکول پشاور کے شہدا کی 8ویں برسی کے موقع پر منہاج یونیورسٹی لاہور، آغوش آرفن کیئر ہوم، تحفیظ القرآن انسٹی ٹیوٹ، منہاج گرلز کالج سمیت ملک بھر میں قائم تحریک منہاج القرآن کے سیکڑوں سکولوں میں دعائیہ تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ ان دعائیہ تقاریب میں طلبہ نے شہدائے اے پی ایس کو خراج تحسین پیش کیا اور اس عہد کا اظہار کیا کہ وہ تعلیم حاصل کر کے انتہا پسندی اور شدت پسندانہ رویوں کا خاتمہ کریں گے۔ ان تقاریب میں شہدا کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی اور شہید بچوں و اساتذہ کی یاد میں شمعیں بھی روشن کی گئیں۔

دریں اثنا تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام شہدائے آرمی پبلک سکول کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس اور صدر تحریک منہاج القرآن لاہور رانا نفیس حسین قادری سمیت ضلعی رہنماؤں نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ رانا محمد ادریس نے کہا کہ آرمی پبلک سکول پشاور میں انسانیت کے دشمن علم کی شمع بجھانے کا نا پاک ارادہ لے کر آئے تھے مگر معصوم شہدا کے مقدس لہو سے علم کے چراغ آج بھی روشن ہیں۔ 16 دسمبر اے پی ایس کے شہدا سے عقیدت اور لواحقین کا غم بانٹنے کا دن ہے۔ پاکستانی قوم شہدا کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔

صدر منہاج القرآن لاہور رانا نفیس حسین قادری نے کہاکہ سانحہ اے پی ایس ملکی تاریخ کا غم ناک ترین دن ہے۔ شہدائے اے پی ایس نے پوری قوم کو دہشتگردی کے خلاف متحد کیا۔ اے پی ایس کے معصوم شہدا اور اساتذہ نے اپنے لہو سے محفوظ اور پر امن پاکستان کی بنیاد رکھی۔ شہید بچوں کی عظیم قربانیوں نے قوم کو نیا حوصلہ اور عزم دیا۔ شہید ہونے والے بچوں اور بہادر اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند کرے اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔

اجلاس میں پروفیسر ذوالفقار علی، کیپٹن (ر)عبدالمجید، اصغر ساجد، حاجی امجد، طارق الطاف، ظفر اقبال کمبوہ سمیت رہنماؤں نے شرکت کی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top