سیدنا ابوبکر صدیقؓ کی ساری زندگی ادب و اتباع رسول ﷺ میں گزری: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

آپؓ کا دور حکومت رہتی دنیا تک کی حکومتوں کے لئے نمونہ ہے: چیئرمین سپریم کونسل
عدل و انصاف پر مبنی طرز حکومت کا نصب العین رعایا اور عوام کی خدمت ہوتا ہے

Dr Hassan Mohi ud Din Qadri

لاہور (14 جنوری 2023ء) تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ خلیفۂ اول حضرت سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کی زندگی کاایک ایک گوشہ اُمت مسلمہ کے لئے مشعل راہ ہے۔ سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کا پورا دور حکمرانی بردباری، تحمل اور صداقت شعاری سے عبارت ہے۔ آپؓ کا دور حکومت اپنی جامع خوبیوں کی وجہ سے رہتی دنیا تک کی حکومتوں کے لئے نمونہ ہے۔ ملک کو مشکلات اور چیلنجز سے نکالنے کے لئے خلیفہ اول سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے طرز حکومت کو آئیڈل بنانا ہو گا۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے اپنے مختصر عہد خلافت میں بہترین نظم و نسق کے ساتھ حکومت کو چلایا، عہدوں کی بہترین طریقے سے تقسیم کی، ہر صوبے اور ضلع میں گورنر اور حاکم مقرر فرمائے۔ عہدوں کے انتخاب میں سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کا اصول یہ تھا کہ کسی بھی عہدے کے لئے جب کسی کو منتخب کیا جائے تو اس میں اس عہدے کی اہلیت ہو۔ انہوں نے کہا کہ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے کبھی قبائلی عصبیت یا اقرباپروری کا رویہ اختیار نہیں کیا۔ یہی بہترین اصول اور بلند معیار تھا کہ آپؓ کے مقرر کردہ حکام نے ہمیشہ اپنی بہترین صلاحیتیں دین اسلام اور مسلمانوں کے لئے استعمال کیں۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے مزید کہا کہ عدل و انصاف پر مبنی طرز حکومت کا نصب العین رعایا اور عوام کی خدمت ہوتا ہے۔ حکومت کا خزانہ رفاہ عامہ، عوامی خدمات اور خوشحالی کے لئے ہوتا ہے۔ سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے خلافت کے منصب کی ذمہ داریاں سنبھالتے ہی پہلے روز اپنے خطبہ میں جس منشور کا اعلان فرمایا تھا پورے دور حکومت میں اس کے ہر ہر حرف کی مکمل پاسداری کی۔ سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کی خدمات تاریخ اسلام کا روشن باب ہیں۔ سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نہایت اعلیٰ حاکم، منصف مزاج، متحمل، سادہ دل اور اپنے ذاتی نفع سے بے تعلق خلیفہ تھے۔ آپ ؓ کی ساری زندگی ادب و اتباع رسول ﷺ میں گزری۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top