پشاور مسجد میں خود کش دھماکہ کی مذمت کرتے ہیں: منہاج علماء کونسل

دہشتگردی کی نئی لہر تشویش ناک باہمی اتحاد سے مقابلہ کرنا ہو گا: علامہ میر آصف اکبر
انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خلاف قوم اور اداروں کو مل کر لڑنا ہو گا

Peshawar mosque suicide blast condemned by Minhaj Ulama Council

لاہور (30 جنوری 2023) منہاج القرآن علما کونسل کے مرکزی ناظم علامہ میر آصف اکبر نے پشاور مسجد میں دہشتگردی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسجد میں خون ناحق کے بہنے پر پوری قوم غم زدہ ہے، دہشتگردی کا یہ واقعہ ناقابل برداشت ہے، اس واقعہ میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں اور پشت پناہوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے اور انہیں نشان عبرت بنایا جائے۔

دہشتگردی کی نئی لہر تشویشناک ہے، باہمی اتحاد و اتفاق سے اس کا مقابلہ کرنا ہو گا، انہوں نے کہا کہ کوئی مسلمان خانہ خدا میں خون کی ہولی نہیں کھیل سکتا، انسانیت کے دشمن امن و امان کے مسائل پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ دہشتگردوں کے خلاف قوم اور اداروں کو یکجا ہونا ہوگا۔

علامہ میر آصف اکبر نے کہا کہ جب بھی دہشتگردی کا کوئی سانحہ رونما ہوتا ہے علماء مل کر بیانات جاری کرتے ہیں اور مل کر مقابلے کے عزم کا اظہار کرتے ہیں اور پھر اپنے اپنے کاموں میں مصروف ہو جاتے ہین، اس روش کو تبدیل کرنا ہو گا، انتہا پسندوں اور دہشتگردوں کے خلاف سال کے 365 دن کام کرنے کی ضرورت ہے۔

تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے فروغ امن اور اتحاد امت کیلئے قوم کو امن نصاب دیا جو دیگر ممالک میں بھی پڑھایا جا رہا ہے، وطن عزیز میں بھی اس امن نصاب سے استفادہ کیا جائے اگر کسی کو کسی نام سے مسئلہ ہے تو ہم ملک و قوم کے وسیع تر مفاد کیلئے یہ امن نصاب دینے کیلئے تیار ہیں، انہوں نے کہا کہ علمائے کرام ذات، مسلک اور اپنی اپنی جماعت سے بالاتر ہو کر امن کیلئے کام کریں۔ اتحاد امت وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور مسجد میں شہید ہونے والے شہریوں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top