سیاست بے لوث خدمت اور معتدل رویوں کو فروغ دینے کا نام ہے: ڈاکٹر حسین محی الدین قادری

پاکستان کی ترقی کیلئے شرح خواندگی کا 100فی صد ہونا ضروری ہے: صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل
امانت و دیانت اور صداقت کی اقدار کے بغیر سیاست فاشزم ہے
پاکستان عوامی تحریک کے سینئر رہنماؤں کے وفدسے ملاقات میں گفتگو

Dr Hussain Qadri meeting with senior leaders of Pakistan Awami Tehreek

لاہور (11 فروری 2023) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر و منہاج یونیورسٹی لاہور کے بورڈ آف گورنرز کے ڈپٹی چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری سے پاکستان عوامی تحریک کے سینئر رہنماؤں راجہ زاہد محموداور میاں ریحان مقبول کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں نے پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کو اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے حوالے سے منہاج یونیورسٹی لاہور کے موثر و متحرک علمی و تربیتی کردار اور خدمات پر مبارکباد دی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کیلئے شرح خواندگی کا 100 فی صد ہونا ضروری ہے۔ سیاسی جماعتیں فروغ تعلیم کیلئے اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ سیاست عوام کی بے لوث خدمت اور معتدل رویوں کو فروغ دینے کا نام ہے۔ اس وقت نفرت، انتہا پسندی اور متشدد رویوں کو ہوا دے کر اتحاد و یکجہتی کی فضا مکدر کی جا رہی ہے۔ انسانیت کی خدمت ہی ہمارے معاشرے کی خوبصورتی ہے۔ دین اسلام انسانیت کی فلاح و بہبود کا مکمل نظام عطا کرتا ہے۔ سیاسی جماعتوں کی لیڈر شپ اور کارکنان کی اولین ذمہ داری ہے کہ رواداری اور اعتدال پر مبنی مصطفوی تعلیمات کو پروان چڑھائیں، سوسائٹی کو امن و آشتی کا گہوارہ بنائیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ امانت و دیانت اور صداقت کی اقدار کے بغیر سیاست فاشزم ہے۔ مسلمانوں کی عبادت کی اصل روح خدمت خلق ہے۔ وہ لوگ جو دکھی انسانیت کی کسی طرح بھی خدمت کررہے ہیں معاشی، سیاسی اور سماجی مسائل حل کررہے ہیں حقیقت میں بندگی کا فریضہ احسن انداز میں نبھارہے ہیں۔ اصل سیاست اور خدمت یہ ہے کہ ہر ایک کو اس کا حق اور انصاف ملے۔ ایک ایسے سماج کی تشکیل نو ہونا چاہیے جو احترام آدمیت کو سمجھے۔ انتہا پسندی کی بجائے اعتدال پسندی اور امن پسندی کو فروغ دے۔ تحریک منہاج القرآن کی جدوجہد رواداری پر مبنی معاشرے کی تشکیل کے لئے ہے۔ عدل، انصاف اور سماجی قبولیت پر مبنی معاشرے کی تشکیل کیلئے ہے۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے ترکیہ اور شام میں ہولناک زلزلے میں شہید ہونے والوں کیلئے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر راجہ زاہد محمود، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ، سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چوہدری، سردار عمر دراز، میاں عبدالقادر، قاری مظہر فرید سیال ایڈووکیٹ، میاں محمد سلیم، ملک اختر حسین، محمد آصف سلہریا ایڈووکیٹ، محمد احمد اخوان سمیت سنٹرل پنجاب کے ذمہ داران، ضلعی صدور و جنرل سیکرٹریز بھی موجود تھے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top