انسانیت کی خدمت عظیم عبادت ہے: علامہ رانا محمد ادریس

مورخہ: 10 مارچ 2023ء

صاحب ثروت لوگ اپنے ملازمین کا حسب وسعت خیال رکھیں: نائب ناظم اعلیٰ
دکھی انسانیت کی خدمت مسلم معاشرے کا وصف ہے: جمعتہ المبارک کے اجتماع سے خطاب
جامع شیخ الاسلام میں حافظ امین الدین قادری کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی گئی

Rana-Muhammad-Idrees-addresses-jummah-gathering

لاہور (10 مارچ 2023) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے کہا ہے کہ رنگ و نسل کے امتیاز کو بالائے طاق رکھ کر دکھی انسانیت کی خدمت، مجبور و لاچار لوگوں کی مدد کرنا مسلم معاشرے کی خوبصورت روایت اور اسلامی تعلیمات کا خاص وصف ہے۔ ان دنوں ہوشربا مہنگائی کے باعث ہر شخص معاشی بحران کا شکار اور مختلف پریشانیوں سے دوچار ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ایک دوسرے کے ساتھ نرمی کا معاملہ کریں، ہمدردی و اخوت سے پیش آئیں،ایک دوسرے کے دکھ درد کا احساس کریں، مالک مکان کرائے دار کا احساس کرے،قرض وصول کرنے والا مقروض کو قرض لوٹانے کا مزید موقع دے، صاحب ثروت لوگ اپنے ملازمین کا حسب وسعت خیال رکھیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ رانا محمد ادریس نے کہا کہ آج کے اس دور پرفتن اور خزاں رسیدہ معاشرے میں اخلاق و کردار، حسن معاملات، نرمی و محبت کے آثار مٹتے جارہے ہیں۔ بنیادی وجہ اسلامی تعلیمات سے دوری ہے۔ ہم قوموں میں رسوا اور خوار ہورہے ہیں۔ بگاڑ کا گھن ہمیں دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہر شخص اپنی استطاعت کے مطابق بندگان خدا کے ساتھ فراخی و سہولت کا معاملہ کرے۔ تاجر اپنی تجارت میں، قرض خواہ قرض طلبی میں نرمی سے کام لیں۔ انہوں نے کہا کہ خدمت خلق، فلاح معاشرہ، ایثار و ہمدردی کے جذبات پر عمل پیرا ہونا ہوگا، جو ہمارے دینی شعائراور ہماری تہذیبی اقدار کے آئینہ دار ہیں۔

صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے نماز جمعہ جامع شیخ الاسلام میں ادا کی اور کارکنان سے ملاقات بھی کی۔ نماز جمعہ کے بعد سابق مرکزی صدر تحریک منہاج القرآن حافظ امین الدین قادری کی بخشش و مغفرت اور درجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top