منہاج القرآن نے رمضان المبارک میں دروس عرفان القرآن کا شیڈول جاری کر دیا

مورخہ: 12 مارچ 2023ء

عقیدہ شفاعت، عظمتِ قرآن، رمضان اور تقویٰ کے موضوعات پر دروس دیں گے
علامہ رانا محمد ادریس، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، رانا نفیس حسین قادری، علامہ فیاض بشیرودیگر علماء خطابات کریں گے

لاہور(12 مارچ 2023) تحریک منہاج القرآن نے رمضان المبارک کے ماہ مقدسہ میں لاہور سمیت پورے ملک میں دروس عرفان القرآن کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سمیت ملک کے چاروں صوبوں میں سینکڑوں مقامات پر منہاج القرآن علماء کونسل، تحریک منہاج القرآن کی نظامت دعوت و تربیت کے سکالرز، عقیدہ شفاعت، مصطفوی معاشرے کا قیام، عقیدہ ختم نبوت، عقیدہ علم غیب، عظمت قرآن، کامیابی کے بنیادی تقاضے، رمضان اور قرآن و دیگر اہم موضوعات پر نماز فجر کے بعد درس قرآن دیں گے۔

لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، نارروال، شکر گڑھ، حاصل پور، میاں چنوں، لودھراں، لالہ موسیٰ، پنڈی، اسلام آباد، پشاور، ڈیرہ غازی خان، ایبٹ آباد، ملتان، بھکر، فیصل آباد، حیدر آباد، کراچی، مظفر آباد، میانوالی اور گلگت بلتستان کے اہم شہروں میں تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام نماز فجر کے بعد دروس عرفان القرآن کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔

دروس عرفان القرآن کایہ سلسلہ یکم رمضان سے لیکر رمضان المبارک کے پورے مہینے تک جاری رہے گا۔ ان دروس عرفان القرآن میں اہم مذہبی و علمی شخصیات کے ساتھ ساتھ ہزاروں مرد و خواتین شرکت کریں گے۔

علامہ رانا محمد ادریس، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، رانا نفیس حسین قادری، علامہ فیاض بشیر، علامہ اعجاز ملک، علامہ ظہیر نقشبندی، علامہ جمیل احمد زاہد قادری، علامہ فیصل نذیر وڑائچ، علامہ منہاج الدین قادری، علامہ سرفراز احمد قادری، علامہ محمود مسعود قادری، علامہ غلام شبیر جامی، علامہ محمد مہتاب اظہر، علامہ ثناء اللہ ربانی، علامہ لطیف مدنی، علامہ صابر کمال وٹو، علامہ عبدالحئی اعوان سمیت دیگر سکالرز دروس عرفان القرآن میں خطابات کریں گے۔

دریں اثناء لاہور میں ماڈل ٹاؤن، مغل پورہ، سمن آباد، ٹھوکر نیاز بیگ، ٹاؤن شپ، چونگی امر سدھو، سبزہ زار، داروغہ والا، شادباغ، جلوموڑ، سنت نگر، شاہدرہ، رائیونڈ و دیگر مقامات پر تحریک منہاج القرآن کے سکالرز درس عرفان القرآن دیں گے۔

صدر منہاج القرآن لاہور رانا نفیس حسین قادری نے کہا کہ رمضان المبارک میں لاہور میں 50 سے زائد مقامات پر نماز فجر کے بعد دروس عرفان القرآن کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔ تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضرورت مندوں اور مفلوک الحال لوگوں کی مدد کا نام روزہ ہے۔ احترام آدمیت کوسیکھنے اور سکھانے کا نام روزہ ہے۔ رمضان المبارک صبر و رضا اور رب کی بندگی کا نام ہے۔ دین و دنیا سنوارنے اور اخروی نقصان سے بچنے کے لئے رمضان المبارک بہترین مہینہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک ہمیں اپنی ذات کے احتساب کا موقع فراہم کرتا ہے۔ یہ مبارک مہینہ موقع دیتا ہے کہ قرآن اور صاحب قرآن کی تعلیمات کے ذریعے اللہ تعالیٰ کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط اور مستحکم کیا جائے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top