ترقی کا سفر فروغ علم کے بغیر جاری نہیں رہ سکتا: شیخ فرحان عزیز

مورخہ: 19 مئی 2023ء

تعلیمی اداروں میں 5 سو مراکز علم کا قیام عمل میں لایا جائے گا
مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کا سنٹرل موومنٹ ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب

President MSM address to the Executive Council meeting

لاہور (19 مئی 2023) مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر شیخ فرحان عزیز نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک و قوم کی ترقی کا سفر حصول علم اور فروغ علم کے بغیر جاری نہیں رہ سکتا۔آج کا دور تعلیم و تحقیق کا دور ہے،سائنس اور ٹیکنالوجی کا دور ہے۔

بانی و سرپرست تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ملک بھر میں 25 ہزار مراکز علم کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ ان مراکز علم کے قیام کا مقصد تمام شعبہ ہائے زندگی کے لوگوں کی اخلاقی و روحانی تربیت اور کردار سازی کیلئے عملی اقدامات کرنا ہے۔ مراکز علم کے قیام کا ایک اور مقصد انتہا پسندانہ رویوں اورمایوسی کا خاتمہ کر کے طلبہ کو معتدل مزاج بنانا اور امید کی طرف لانا ہے۔

اس وقت پاکستان کیلئے سب سے بڑا چیلنج طلبہ اور نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی بے یقینی اور مایوسی ہے اور اس کی بڑی وجہ نوجوان نسل کی علم سے دوری ہے۔مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ ملک بھر کی یونیورسٹیز اور کالجز میں طلبہ کی اخلاقی، دینی و روحانی تربیت کیلئے مراکز علم قائم کرے گی۔ پہلے مرحلے میں مختلف تعلیمی اداروں میں 5 سو مراکز علم کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی سنٹرل موومنٹ ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل میاں عنصر محمود، سید بلال شاہ، محسن اقبال، علی قریشی، شاہد مصطفی، راشد مصطفوی سمیت دیگر طلبہ رہنما موجود تھے۔

شیخ فرحان عزیز نے کہا کہ دعوت، تعلیم اور تربیت کا فروغ اسلام کی نشاۃ ثانیہ کا راستہ ہے، تعلیم کردار سازی اور اخلاقی اقدار کو فروغ دے کر تنگ نظری اور معتصبانہ رویوں کو بدلا جا سکتا ہے۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی جدوجہد علم اور امن کے فروغ کیلئے ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top